دھرنوں اوراحتجاج کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر

دھرنوں اوراحتجاج کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر

لاہور(نمائندہ پاکستان) ملک میں جاری دھرنوں اور احتجاج کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے ، لاہور آنے اور دوسرے شہروں میں جانے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔ کراچی سے لاہور آنے والی گاڑیوں کا شیڈول بھی نہیں دیا گیا۔ دھرنوں اور احتجاج کے باعث تمام ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔ لاہور کے قریب مظاہرین کی جانب سے شاہدرہ امامیہ کالونی پھاٹک بند کرنے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔ لاہور آنے اور دوسرے شہروں میں جانے والی تمام ٹرینیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ شیخوپورہ ، فیصل آباد ، شور کوٹ جڑانوالہ کے لیے گزشتہ روز کوئی ٹرین نہیں گئی۔گوجرانوالہ ، وزیر آباد ، گجرات ، لالہ موسیٰ کے لیے بھی گزشتہ روز کوئی ٹرین نہیں جا سکی۔ راولپنڈی سے کراچی جانے والی تیز گام کا بھی کوئی شیڈول نہیں دیا گیا جبکہ کراچی سے لاہور آنے والی متعدد ٹرینوں کا بھی کوئی شیڈول نہیں دیا جا سکا۔ ریلوے حکام کے مطابق گزشتہ روز صبح کے اوقات میں شالیمار اور عوامی ایکسپریس مقررہ وقت پر روانہ ہو ئیں۔ اوراوکاڑہ کے علاقے کنگن پور میں حاجی چاند ریلوے سٹیشن پر احتجاج کے باعث ریلوے ٹریک بلاک کر دیا گیا جبکہ لاہور سے کراچی جانیوالی فرید ایکسپریس کو واپس کنگن پور سٹیشن بھیج دیا گیا۔

مزید : صفحہ آخر