لاہور سمیت پنجاب بھر کی تھوک، پرچوں، مارکیٹیں آج بند رکھنے کا اعلان
لاہور (اپنے نمائندے سے )انجمن تاجران پاکستان ، انجمن تاجران لاہور نے ملک بھر میں جاری حالیہ کشیدگی کی وجہ سے آج صوبائی دا ر ا لحکومت سمیت پنجاب بھر کی تھوک اور پرچون مارکیٹیں بند کرنے کا اعلان کردیا ۔دو روز سے سبزیوں ، پھلوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں شدید غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ تیل کا ایک دن کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے شہر کے کچھ پٹرول پمپ تیل نہ ہونے کی وجہ سے بند کر دئیے گئے ہیں ۔ ملک بھر میں جاری حالیہ کشیدگی کے باعث انجمن تاجران لاہور ، اعظم کلاتھ مارکیٹ بورڈ اور انجمن تاجران پاکستان نے پنجاب سمیت شہر کی تھوک و پرچون مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیاہے ۔’’ پاکستان ‘‘ سے گفتگو میں انجمن تاجران پاکستان کے صدر خالد پرویز ، جنرل سیکرٹری نعیم میر ، انجمن تاجران لاہور کے صدر مجاہد مقصود بٹ ، نائب صدر مرزا جاوید اقبال ، اعظم کلاتھ بورڈ کے صدر حافظ عابد علی نے کہا ختم نبوت ؐپر جان بھی قربان ہے ۔ حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر آنچ نہیں آنے دیں گے ، لاہور سمیت پنجاب بھر کی مارکیٹیں اس وقت بند رکھیں گے جب تک حکومت کشیدگی کو حل نہیں کر لیتی ، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہے اور اس کیلئے حکومت کو مذاکرات کی میز پر ہی آنا پڑے گا ۔ادھرفیض آباد راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے دھرنے کیخلاف آپریشن کی وجہ سے دو ر و ز سے جاری حالیہ کشیدگی کے باعث صوبائی دارالحکومت میں پھلوں ، سبزیوں اور اشیائے خورونوش کی سپلائی معطل ہے، جس کے باعث شہر میں شدید غذائی بحران کا خدشہ ہے، جن لوگوں کے پاس پھل اور سبزیاں موجود ہیں انہوں نے دام بڑھا دیئے ہیں جبکہ ذخیرہ اندوزوں نے حالیہ کشیدگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے ۔دوسری طرف دو روز سے ماچھیکے اور شیخوپورہ آئل ڈپو سے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں ایک دن کا پٹرول باقی رہ گیا ہے، گزشتہ روز شہر کے کچھ علاقوں میں پٹرول پمپ مالکان نے پٹرول نہ ہونے کی وجہ سے پمپ بند کر دئیے ۔
مارکیٹس