ملک گیر دھرنے اور احتجاج ، کشید گی برقرار، جھڑپیں ، جلاؤ گھیراؤ جاری ، سینکڑوں زخمی

ملک گیر دھرنے اور احتجاج ، کشید گی برقرار، جھڑپیں ، جلاؤ گھیراؤ جاری ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، کرائم رپورٹر ،خبر نگار)حکومتی ایکشن کے بعد فیض آباد انٹرچینج پر مذہبی جماعت کے کارکنان ایک مرتبہ پھر منظم ہوگئے جبکہ انتظامیہ نے سکیورٹی کے اقدامات رینجرز کے حوالے کردیے۔گزشتہ روز سے اب تک مظاہرین اور فورسز کے درمیان کشیدگی کے باعث 250 سے زائد افراد زخمی اور درجنوں گاڑیوں کو نذر آتش کیا جاچکا ہے، ذرائع کے مطابق پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو دھرنے کی جگہ سے دور کرتے ہوئے فیض آباد انٹرچینج پر رینجرز اہلکاروں کو فرنٹ لائن پر تعینات کردیا گیا ہے۔ فیض آباد انٹرچینج کو مظاہرین سے خالی کرانے کے لئے آپریشن ہفتے کی دوپہر ڈھائی بجے سے معطل ہے جس کے بعد مظاہرین ایک مرتبہ پھر منظم ہوگئے ۔انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی خطرے کے پیش نظر سکیورٹی اہلکاروں کو مختلف پوزیشنز پر تعینات کیا گیا ہے۔رینجرز کی فرنٹ پر تعیناتی کا فیصلہ رات انتظامیہ اور رینجرز کے اجلاس میں کیا گیا تھا جبکہ دوسری قطار پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی ہے جسے کنٹینرز کے پیچھے کردیا گیا ہے۔مظاہرین نے آئی ایٹ کے قریب پھر پولیس پر پتھراؤ کیا اور کچنار پارک کے قریب پولیس کی پانچ موٹرسائیکلوں اور ایک گاڑی کو آگ لگا دی ، ریڈ زون سیل ہے اور اطراف کی سڑکوں پر ایف سی اور رینجرز کے دستے موجود ہیں۔ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے کے شرکاسے اظہار یکجہتی کیلئے مذہبی جماعتوں کا احتجاج اور دھرنے دوسرے روز بھی جاری ہیں۔سندھ اور پنجاب کے کئی شہروں میں اتوار کو کھلنے والے کاروباری مراکز اور دکانیں بھی بند ہیں اور احتجاجاً شٹر ڈاؤن ہے، اسلام آباد مری روڈ، ترنول پھاٹک روڈ ،آئی جے پی روڈ، ایکسپریس ہائی وے اور لاہور جانے کے لیے موٹر وے بند ہے۔ملتان،فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، بہاولپور، جہلم، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی بند ہے جب کہ میٹرو بس کے ساتھ لاہور اور ملتان میں اسپیڈو بس سروس کی بندش سے بھی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔کراچی، حیدرآباد، سکھر، سانگھڑ، ٹنڈو الہ یار سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی مختلف مذہبی جماعتوں کے کارکنان دوسرے روز بھی سراپا احتجاج ہیں۔کراچی کے 10 مختلف مقامات پر دھرنا اور احتجاج جاری ہے، مظاہرین نمائش چورنگی، ٹاور، حب ریور روڈ، الاصف اسکوائر، اورنگی ٹاؤن نمبر پانچ، لانڈھی 6 کے علاقے میں بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے پولیس ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزار رہی ہے ۔اسلام آبادہائی وے پر رینجرزاور مظاہرین میں جھڑپ،مشتعل افراد نے گاڑی اور 5 موٹرسائیکلیں نذرآتش کردیں۔رینجرز اہلکار اپنی چیک پوسٹ چھوڑ کر پیچھے ہٹ گئے۔ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شیل فائر کئے ہیں۔ لاہور میں ٹھوکرٹرمینل کے مقام پرمذہبی جماعت کے کارکنوں نے کنٹینرزلگادیئے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق مظاہروں کے باعث موٹروے ایم ٹواسلام آبادسے پنڈی بھٹیاں تک بندکر دی گئی ہے اورٹریفک کومتبادل راستوں سے گزاراجارہاہے۔ اسلام آباد میں تحریک لبیک یارسول اللہ کی جانب سے دئے گئے دھرنے کے خلاف آپریشن کے بعد ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی احتجاج جاری ہے۔ نمائش چورنگی، ٹاور، سہراب گوٹھ، کورنگی کراسنگ، کورنگی نمبردو، کورنگی نمبر پانچ ، لانڈھی چھ ،اورحب ریور روڈسمیت دیگر علاقوں میں احتجاجی دھرنے دےئے جارہے ہیں ۔سہراب گوٹھ پر احتجاج کے باعث شارع پاکستان پر کریم آباد سے واٹر پمپ جانے والی سڑک پر ہیوی ٹریفک کی لمبی قطار لگ گئی اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیوی ٹریفک کو متبادل راستے کے لیے عائشہ منزل سے راشد منہاس روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔گورنرہاؤس کو جانے والے راستوں کو بھی کنٹینر لگاکر بندکردیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں صوبائی دارالحکومت میں تحریک لبیک یا رسول اللہ کے عہدے داران اور کارکنوں کی جانب سے دوسرے روز بھی مختلف مقامات پر احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ جاری رہا ، پنجاب اسمبلی کے بالمقابل ہزاروں کارکنان اور عہدے دار دھرنا دئیے بیٹھے رہے ، حکومت مخالف تقاریر اور نعرے بازی ، رات گئے تک دھرنا جاری رہا ، احتجاجی دھرنوں کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ، ٹریفک پولیس کے اہلکار ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے رہے ۔ پولیس پنجاب اسمبلی کے احاطے میں سکیورٹی ڈیوٹی کے لئے بیٹھی رہی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ہفتہ کے روز تحریک لبیک یارسول اللہ کے مظاہرین کے خلاف آپریشن کے بعد ملک میں حالات کشیدہ ہو گئے ۔ کارکنوں کی بڑی تعداد حرمت رسول پر جان بھی قربان کے نعرے اور حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئی ، شاہدرہ میں مشتعل مظاہرین نے تھانے پر گز شتہ روز بھی دھاوا بول دیا اہلکاروں نے تھانے کا مین گیٹ بند کرکے اپنی جانیں بچائیں، مظاہرین نے تھانے کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی ، تھانے کے باہر دو سرکاری موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نذر آتش کیا گیا، جبکہ ملتان روڈ پرموہلنوال،چوہنگ، لوہاراں والا کھوہ اور شاہدرہ میں مذہبی جماعت کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کر دیں جس کے بعد شہر بھر میں ٹریفک کا نظام مفلوج رہا ، لو کل ٹرانسپورٹ اورمارکیٹوں کو بھی بند کروا دیا گیا تھا ، صوبائی دارالحکومت میں دوسرے روز بھی تحریک لبیک یارسول اللہ کے ہزاروں کارکنان اور عہدے داران داتا دربار ، شاہدرہ ، شاہدرہ ٹاون ، فیروز پور روڈ ، ملتان روڈ ، داتا درباد ، امامیہ کالونی پھاٹک ، ایک موریہ پل ، بیگم کوٹ چوک ، بھٹہ چوک رائیونڈ ، غازی روڈ چونگی امرسدھو، مال روڈ ، ٹمبر مارکیٹ ، کاہنہ ، گجومتہ ، دوبئی چوک،، شاہکام چوک ، والٹن روڈ ، شادیوال چوک ، ٹھوکر نیازبیگ چوک ،باغبانپورہ ، فیصل چوک میں احتجاجی دھرنے رات گئے تک جاری رہے ۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنان اور عہدے داران کی بڑی تعداد احتجاجی دھرنوں میں حکومت مخالف تقاریر اور حکومت مخالف نعرے بازی کرتے رہے ۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ وزیر اعظم سمیت تمام کابینہ مستعفی ہو جائے ۔ حکومت نے ہمارے نہتے کارکنوں کو شہید کیا ہے ان کے قتلوں کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔دریں اثنا احتجاجی دھرنوں کے باعث دوسرے روز بھی لو کل ٹرانسپورٹ اورمیٹروبس سروس بند رہی ۔ احتجاجی دھرنوں کے باعث شہر میں توڑ پھوڑ کے ممکنہ خدشات کے پیش نظرمیٹرو بس کی انتظامیہ نے دوسرے روز بھی میٹرو بس سروس کو عارضی طور پر بند رکھا ۔ جبکہ لوکل ٹرانسپورٹ کے ما لکا ن نے اپنی گاڑیو ں کو سٹرکو ں پر نہ آنے دیا اور آج بھی ٹرانسپورٹر ہڑتا ل کریں گے ، لو کل ٹرانسپورٹ اورمیٹروبس سروس بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔
فیض آباد آپریشن

ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ ،بڈیانہ ،ساہیوال ،گجرات ،گوجرنوالہ،ننکانہ،قصور، شیخوپورہ ( نمائندگان پاکستان )ملک کے دیگر شہروں کی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا دوسرے روز بھی احتجاج اور دھرنا جاری رہا ،جھنگ روڈ پر شہدا ء چوک میں سڑک پر خیمہ لگا کر مظاہرین اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں ،جہاں ان سے اظہار یکجہتی کیلئے متعدد مذہبی اور سیاسی رہنما موجود ہیں جبکہ شہریوں کو وہاں سے گزرنے میں بھی سخت مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ چنیوٹ میں تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے پرامن احتجاجی دھرنے پر پولیس گردی کارکنوں پر وحشیانہ لاٹھی چارج اور کارکنوں کی ہلاکت کے خلاف مختلف سیاسی، مذہبی،تجارتی تنظیموں کی طرف سے احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ پسرور میں دوسرے روز بھی اسلام آباد دھرنے پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کے خلاف سنی تنظیمات کا دھرنا جاری رہا کچہری چوک میں تمام دن لوگوں کی بڑی تعداد موجود رہی اس موقع پر مقررین نے خطا ب کرتے ہوئے حکومت پاکستا ن کی طرف سے ختم نبوت قانون میں تبدیلی کرنے کی مذمت کی گئی۔ ساہیوال میں فیض آباد دھرآپریشن کے خلاف ملک بھر کی طرح ریلیاں اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مذہبی جماعتوں کے کارکنان نے یاد گار چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی ریلی نکالی۔ گجرات میں اسلا م آباد میں جاری دھرنے کے مظاہرین کیخلاف حکومتی آپریشن پر دوسرے روز بھی زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جی ٹی ایس چوک سمیت مختلف مقامات ‘ لالہ موسی ‘ کھاریاں اور سرائے عالمگیر میں بھی تحریک لبیک یارسول اللہ کے کارکنوں سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کے کارکنان سڑکوں پر رہے، علمائے کرام کی بڑی تعداد بھی مظاہروں میں شریک ہوئی جی ٹی ایس چوک میں صبح سویرے ہی کارکنان اکٹھا ہونا شروع ہو گئے اور انہوں نے جی ٹی ایس چوک کو آنیوالے اطراف کے تمام راستوں کو خار دار دار ‘ اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کر کے دھرنا دیا‘ دوکانیں ‘ مارکیٹیں اور ملحقہ بازار میں احتجاج کے باعث بند رہے۔گوجرانوالہ میں دھرنا احتجاج ‘سڑکیں بلاک ‘بدترین ٹریفک جام ٹرینیں بند ‘شہر و گردونواح میں درجنوں شادی بیاہ تقریبات درہم برہم اور متاثرین سراپا احتجاج بنے رہے۔ننکانہ میں اسلام آباد دھرنے پر جاری آپریشن کے خلاف لبیک یارسول اللہ اور یوتھ فورس سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کی طرف سے احتجاج کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، ننکانہ شاہکوٹ روڈ پر واقع موضع پیڑے والی سٹاپ کے قریب مظاہرین کا شدید احتجاج، مذکورہ روڈ پر مسلسل دو روز سے ٹریفک مکمل جام ہوئی ہے۔قصور میں بھی دھرنے، ریلیاں ،احتجاجی مظاہرے جاری رہے۔فیروز پور روڈ،بائی پاس کے نزدیک دو روز سے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کئے رکھا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ ریلی جماعت اہلسنت مصطفی آباد کے زیر اہتمام نکالی گئی ،ریلی میں مذہبی،سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شیخوپورہ کے سینکڑوں کارکن اسلام آباد دھرنا کے خلاف ہونے والے آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے کارکنوں، سینکڑوں زخمیوں اور گرفتاریوں کے خلاف بتی چوک اور بائی پاس ہاؤسنگ کالونی چوک شیخوپورہ میں دھرنا دیئے بیٹھے رہے جبکہ شہر میں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز اور بازار بند رہے تو دوسری طرف ہر طرح کی ٹرانسپورٹ بھی مکمل طور پر بند رہی جس سے کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
ملک گیر احتجاج

مزید :

صفحہ اول -