عقیدہ ختم نبوتؐ قانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا : حافظ سعید
لاہور( ایجوکیشن رپورٹر )امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے اسلام آباد دھرنے کے شرکاء کیخلاف آپریشن اورمختلف شہروں و علاقوں میں تشدد بڑھنے کے واقعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ؐقانون پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، حکومت معاملات کو مذاکرات کے ذریعہ پرامن طور پر حل کرے کیونکہ تشدد کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے اور موجودہ حالات میں ملک کسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت دھرنے کے شرکاء کے جائز مطالبات تسلیم کرے، راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائے اورختم نبوت کے حوالہ سے قانون میں ترمیم کے ذمہ داران کیخلاف کاروائی کرے تو دھرنوں جیسے مسائل خودبخود حل ہو جائیں گے۔حکومت کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیاد جزو اور انتہائی حساس مسئلہ ہے۔ اس معاملہ پرتشددکی صورتحال پیدا ہونے سے ملک میں انتشار کی فضا پیدا ہو گی اوراسلام دشمن قوتوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔
حافظ محمد سعید