ہمارا مقصد کرپشن کے ناسور کا خاتمہ اور اداروں کی بحالی ہے : عاطف خان
پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ۔ اور یہ پارٹی تنظیمی لحاظ سے ملک کی سب سے مضبوط اور مستحکم پارٹی بن چکی ہے جبکہ عوامی اصلاحا ت کی بدولت چترال سے لیکر سندھ تک لوگ اس پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔ وہ حلقہ پی کے 30یونین کونسل بابینی گاؤں خٹ کلے میں پی ٹی آئی ورکرز سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر تحصیل کونسل کے رکن آیاز صافی ، عبد الستار مہمند ، مختلف تنظیموں کے عہدیداران اور اہلیان علاقہ موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد ملک سے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ اور اداروں کی بحالی ہے۔ جب ادارے مضبو ط ہوں گے اور ان میں سیاسی اثر رسوخ ختم ہوجائے تو پھر عوام کو اپنے حق کے حصول کیلئے دوسروں کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ہر ادارہ اپنا کام ٹھیک طریقے سے کریگا اور اسکی واضح مثال خیبر پختونخو ا کی پولیس اور پٹوار نظام میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ اسی طرح ہمارے ہسپتالوں کا نظام بہتر ہوا ہے اورعوام کو بہترین طبی سہولیات دی جارہی ہے جبکہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے لوگوں کوطبی سہولیات مفت فراہم کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں متعارف کردہ اصلاحات کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے اور سکولوں کی اپ گریڈیشن، نئے سکولوں کی تعمیر ، اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی ، سکولوں میں سہولیات کی فراہمی ، آئی ٹی لیبز کی تعمیر، اور سکولوں کی سٹینڈرڈائزیشن وہ انقلابی اقدامات ہیں جن کی وجہ سے سرکاری سکولوں کے تعلیمی نتائج کافی بہترہوئے ہیں جس کی وجہ سے پرائیوٹ سکولوں سے طالب علم سرکاری سکولوں میں آرہے ہیں ہیں ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ اورطالب علموں کو اچھی کارکردگی پر انعامات سے بھی نواز ا جاتا ہے۔ انہوں نے کہ کہ اچھی تعلیم کی پڑھائی کے لئے 83ہزاراساتذہ کوٹریننگ بھی دی جارہی ہے تاکہ قوم کے بچوں کو اچھی تعلیم دے کران کی مستقبل کوروشن اور تابناک بناسکے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں میں غریب عوام سے ووٹ لے کران کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی مثبت اقدامات نہیں کئے گئے تھے جس سے عوام مایوسی اور مشکلات کے شکار تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اس ضمن میں عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور اداروں کی بحالی، مضبوطی ، اور اصلاحات کے ساتھ ساتھ عوام کی ضرورتوں کومد نظر رکھتے ہوئے ریکارڈ ترقیاتی کام کئے جن کی ماضی میں کوئی نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف یونین کونسل بابینی میں مختلف تعمیراتی کاموں کی مد میں 86کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں جبکہ ماضی میں پورے پی کے 30میں اتناکام پانچ سالوں میں نہیں ہوا۔ دریں اثنا ء محمد عاطف خان سے انصاف سٹوڈنٹس فیڈڑیشن کے صوبائی صدرشاہد خٹک کے زیر صدارت ضلع مردان کے عہدیداروں نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں تنظیمی صورتحال بشمول مختلف امور پر تفصیلی بحث ہوئی ، وفد نے عاطف خان کو مختلف تنظیموں کی کارکردگی اور تعمیراتی کاموں کے حوالہ سے آگاہ کیا ۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ تمام تنظیم پارٹی چےئرمین عمران خان کا پیغام اپنے گھر گھر تک پہنچائے اور عوامی خدمت کو عبادت سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے منشور کے مطابق کام کررہی ہے۔ اور انشاء اللہ 2018کے الیکشن میں پورے ملک میں کامیابی حاصل کریگی۔