اسلام آباد دھرنے کے اثرات پورے ملک میں پھیل رہے ہیں ‘ اے این پی

اسلام آباد دھرنے کے اثرات پورے ملک میں پھیل رہے ہیں ‘ اے این پی

چارسدہ (بیورو رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات اور ضلعی ممبر میاں سلیم شاہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد دھرنے کے اثرات پورے ملک میں پھیل رہے ہیں ۔ حکومت کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے آگ پورے ملک میں پھیل رہی ہے ۔ تمام سیاسی قیادت ہنگامی بنیادوں پر مل بیٹھ کر اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے مثبت اور دیر پاحکمت عملی وضع کریں۔وہ چارسدہ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔ میاں سلیم شاہ نے کہا کہ ڈی آئی خان واقعہ صوبائی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ عمران خان تاحال متاثرہ بچی کی داد رسی کیلئے ایک لفظ تک نہیں بولے ۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت انصاف کے بلند بانگ دعوے کر رہی ہے مگر ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک معصوم بچی کی عزت سرعام نیلام ہو تی رہی مگر صوبائی حکومت کا کوئی ذمہ دار ابھی تک متاثر ہ لڑکی کے گھر تک نہیں گیا ۔ عمران خان خود کو مظلوموں اور غریبوں کا لیڈر کہہ رہے ہیں مگر ڈی آئی واقعہ پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس سے سوالات اٹھ رہے ہیں ۔ انہوں نے فیض آباد دھرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کی ناقص حکمت علی کی وجہ سے یہ آگ پورے ملک میں پھیل گیا ہے اور یہ دھرنا پاکستان کے سا لمیت کیلئے خطرہ بن چکا ہے جبکہ پاکستان کا عالمی تشخص بھی خراب ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قیادت ہنگامی بنیادوں پر مل بیٹھ کر اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل وضع کریں ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے سیاسی قیادت اور حکومت نے ذمہ داری پوری نہ کی تو یہ آگ پورے ملک میں پھیل جائیگاجس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول