دھرنا شرکاء کیخلاف آپریشن پر آزادکشمیر بھر میں آج احتجاج کیا جائیگا

دھرنا شرکاء کیخلاف آپریشن پر آزادکشمیر بھر میں آج احتجاج کیا جائیگا

مظفرآباد(بیورورپورٹ)تحریک تحفظ ناموس رسالت وختم نبوتﷺآزادکشمیر نے اسلام آباددھرنا شرکاء کومنتشرکرنے کیلئے آپریشن اوربے گناہ افرادکو زخمی کرنے کیخلاف آج ریاست گیر احتجاج کیا جائے گا‘ سب سے بڑااحتجاجی مظاہرہ ریاستی دارلحکومت میں نکالا جائے گا،تحریک تحفظ ناموس رسالت وختم نبوتﷺ نے جملہ غلامانِ رسول سے مظاہرہ میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ مظفرآباد کے مظاہرہ میں ہٹیاں بالاور نیلم سے بھی کارکنان شریک ہونگے جبکہ دیگراضلاع میں بھی احتجاج کیا جائے گا۔یہ فیصلہ تحریک تحفظ ناموس رسالت وختم نبوتﷺ کے مشاورتی اجلاس میں کیاگیا،جس میں صدرتحریک تحفظ ناموس رسالت وختم نبوتﷺ علامہ حمیدالدین برکتی، علامہ قاری محمدزمان سیفی، عتیق احمدرضا، صاحبزادہ محمدرفیق جھاگوی،علامہ سیدجنیدشاہ ،علامہ محمدارشد صدیقی، علامہ ارشدضیائی،علامہ فضل دین چشتی،صدام عباسی، حسنین مصطفائی سمیت دیگرعلماء کرام اور مختلف دینی تنظیموں کے عہدیداران نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ جامعہ برکاتیہ میں منعقدہ اجلاس کے شرکاء نے اسلام آباد دھرنا کے شرکاء تحریک لبیک یارسول اللہﷺکیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے متعدد افراد کو شہید وزخمی کرنے پر شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے حکومت کو خبردارکیا ہے کہ وہ انتظامیہ کا قبلہ درست کرے۔انہوں نے کہاکہ دھرنے کے شرکاء کیخلاف طاقت استعمال کرکے حکومت نے اپنی نااہلی ثابت کردی ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہﷺ کے تمام مطالبات جائز اور پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں،حکومت ختم نبوت ﷺ کے مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے معصوم شہریوں کو تشددکانشانہ بنارہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ناموس اور ختم نبوت کا معاملہ اللہ تعالیٰ کی غیرت کا معاملہ ہے حکمران اللہ کی پکڑ سے ڈریں اور قوم کو کسی امتحان میں نہ ڈالیں۔انہوں نے بتایاکہ مظفرآباد کا مظاہرہ صبح دس بجے اپراڈہ میلادچوک سے شروع ہوگا۔جلوس کے شرکاء ریلی کی شکل میں مرکزی ایوان صحافت تک مارچ کریں گے اور تحفظ ناموس رسالت وختم نبوتﷺ کے حوالہ سے دئے گئے دھرنے کے شرکاء سے اظہاریکجہتی کریں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر