لاہور میں حالات خراب ہونے پر رینجرز طلب کرلی گئی

لاہور میں حالات خراب ہونے پر رینجرز طلب کرلی گئی

لاہو(صباح نیوز)پنجاب بھر میں مذہبی جماعتوں کے دھرنوں اور پولیس و مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے بعد ضلعی انتظامیہ نے حالات خراب ہونے پر رینجرز طلب کرلی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے مظاہرے جاری ہیں اور مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جب کہ اب تک مظاہرین کی جانب سے پولیس کی 12 گاڑیوں کو جلایا جاچکا ہے۔پنجاب میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ اورجلاؤ گھیراؤ میں املاک کو نقصان پہنچایا جارہا ہے جس کی وجہ سے حالات خراب ہونے پر لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے رینجرز کی اضافی نفری طلب کرلی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہر میں مختلف مقامات پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کو پرامن رکھنے کے لئے رینجرز کی نفری تعینات کی جائے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھیجی گئی درخواست کمشنر لاہور، سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز کو بھی ارسال کی گئی ہے۔

رینجرز طلب

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر