دھرنے کیخلاف حکومتی آپریشن ، حسن ابدال کی عوام سڑکوں پر نکل آئی

دھرنے کیخلاف حکومتی آپریشن ، حسن ابدال کی عوام سڑکوں پر نکل آئی

حسن ابدال (نمائندہ پاکستان ) فیض آباد میں جاری دھرنے کے خلاف حکومتی آپریشن پر حسن ابدال کی عوام سڑکوں پر نکل آئی ۔ سینکڑوں کی تعداد میں علماء کرام اور شہریوں نے جی ٹی روڈ پر دھرنا دے کر ہم قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا ۔ مرکزی جامع مسجد حسن ابدال سے شروع ہونے والی ریلی کی قیادت مرکزی سیرت کمیٹی ، مدرسہ فیض القران ، علماء کرام اور تاجر نمائندوں نے کی ۔جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے اڈا لاریاں پر پہنچ کر احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہو گئی ۔ احتجاج کرنے والوں نے ہاتھو ں میں پلے کارڈ اور ڈنڈے اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی جارہی تھی ۔ جی ٹی روڈ پر پتھر اور ٹائر جلا کر دونوں جانب سے بند کر دیا گیا اور مظاہرین دھرنا دیکر بیٹھ گئے ۔ صبح 9بجے شروع ہونے والا دھرنا شام گئے تک جاری رہا ۔ جس میں دھرنے کے شرکاء نے ظہر اور عصر کی نماز باجماعت جی ٹی روڈ پر ادا کی ۔ مقررین کا مطالبہ تھا کہ حکومت ریاستی دہشت گردی کا مظاہر بند کرئے اور ہمارا جائز مطالبہ پورا کرے ۔ جب تک ہمارا مطالبہ پورا نہیں ہو گا دھرنے اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر