اسلام کو کوئی خطرہ نہیں ، عمران خان نے عوام کو سیاسی شعور دیا: محمود خان

اسلام کو کوئی خطرہ نہیں ، عمران خان نے عوام کو سیاسی شعور دیا: محمود خان

پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے منتخب صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے سرکاری اداروں سے سیاست کا خاتمہ کرکے انہیں بااختیار بنا دیا ہے اور اب سرکاری افسران و اہلکاران عوامی نمائندوں کے حجروں میں حاضریاں دینے کی بجائے عوام کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوخارا مٹہ سوات میں ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسے سے تحصیل مٹہ کے نائب نظام محمد حکیم خان ، ضلعی کونسلر خیرات محمد خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر اے این پی کے سرکردہ اور پچاس سال سے وابستہ اہلکاروں جن میں حیات اﷲ ، حبیب اﷲ ، عبدالغفار ، عمر علی ، نیاز خان ، سردار علی ، شفیع اﷲ ، صغیر ، زاہد اﷲ ، علی اور عطاء اﷲ خان شامل تھے نے اپنے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی کے تمام رہنماؤں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ۔دیگر سیاسی پارٹیوں کے کارکنوں کی جوق درجوق شمولیت سے پی ٹی آئی تحصیل مٹہ سوات منی بنی گالہ بن گئی ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ عام انتخابات قریب آنے کے سا تھ ہی نام نہاد سیاستدان نئے نعروں کے ساتھ عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں تاہم وہ یاد رکھیں کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی سربراہی میں ملک اور باالخصوص خیبر پختونخوا سے نام نہاد سیاستدانوں کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر دیا گیا ہے اور ان کی سیاست منوں مٹی تلے دبا دی گئی ہے۔ ۔محمود خان نے کہا کہ اسلام کے ٹھیکیداراور پختونوں کے حقوق کے علمبردار یاد رکھیں کہ نہ تو اسلام کو کوئی خطرہ ہے اور نہ پختونوں کے حقوق پر کوئی ڈاکہ ڈال سکتا ہے تاہم ان کے مفادات کو ضرور خطرہ لاحق ہے ۔انہو ں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کے تمام رہنماؤں نے عوام کو سیاسی شعور دے دی ہے اور اب کوئی ان کو گمراہ نہیں کرسکتااور انشاء اﷲ 2018ء کے عام انتخابات ان کی زندگیوں کے آخری الیکشن ہو گی اور اس کے ساتھ ہی ان پر سیاست کے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی جانب توجہ اور ان علاقوں کے باشندوں میں جو مایوسی پیدا ہو گئی تھی وہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اپنی مثبت اقدامات کی بدولت دور کر دی ہے ۔ انہوں نے اپنے حلقہ نیابت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 70سالوں سے ہمارے حلقے ایک سازش کے تحت پسماندہ اور ترقی سے دور کھے گئے تھے ، ہم نے اربوں روپے کی لاگت سے جو ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ان سے عوام کی مایوسی دورہو گئی ہے اور پی ٹی آئی کے تمام رہنماؤں پر عوام کا مزید اعتماد بڑھ گیا ہے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر