”دھرنا ختم ہوچکا ،سامان اکٹھا کرو اور واپس چلو“ فوج کی جانب سے دھرنا رہ نماوں کو ہدایت،موبائل سروس بحال
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)فوج کی ثالثی کے بعد تحریک لبیک یا رسول اللہ کے دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے باوجود فیض آباد پر دھرنا کارکنان موجود ہیں،فوج نے فیض آباد پہنچ کر تحریک لبیک یا رسول اللہ کے رہ نماوں کو ہدایت کی ہے کہ کارکنوں سے فوراً کہیں کہ وہ سامان اکٹھا کریں اور گاڑیاں سیدھی کرلیں اور جگہ خالی کردیں۔اس دوران رینجرز بھی فرسٹ پوزیشن پر آگئی ہے تاکہ کسی ممکنہ مزاحمت یا خرابی کی صورت حال میں حالات پر قابو پالیا جائے۔اس دوران انتظامیہ نے سڑکوں پر سے کنٹینرز کو ہٹانا شروع کردیا ہے۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ انکے قائدین نے ابھی تک انہیں دھرنا ختم کرنے کی ہدایت نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق اس دوران کارکنوں اور شہریوں کے درمیان بھی نوک جھونک کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں دھرنا ختم ہوتے ہی موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی ہے ۔