پڑانگ : بلدیاتی نمائندوں کے ناظم پر لاکھوں کی کرپشن کے الزامات

پڑانگ : بلدیاتی نمائندوں کے ناظم پر لاکھوں کی کرپشن کے الزامات

چارسدہ(بیورو رپورٹ) ویلج کونسل پڑانگ کے منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اپنے ہی ناظم پر لاکھوں روپے کرپشن کے الزامات لگا دئیے۔ ویلج کونسل سیکرٹری کی ملی بھگت سے سرکاری فنڈ میں خرد برد کے تحریری ثبوت بھی میڈیا کے سامنے پیش کر دئیے ۔گزشتہ پانچ مہینوں سے کونسل کا اجلاس نہیں بلایا گیا ۔ اس حوالے سے ویلج کونسل پڑانگ کے بلدیاتی نمائندوں نائب ناظم بلال خان ،جنرل کونسلر شہریار شاہ ،حصام باچا ، ملنگ ،صابر شاہ ، مسعود خان اور دیکر کونسلران نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ویلج کونسل ناظم حبیب اللہ خان نے سیکرٹری سکندر اقبال کے ہمراہ ویلج کونسل کے فنڈ میں لاکھوں روپے کی کرپشن کی ہے جس کے ثبوت ان کے پاس موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ناظم حبیب اللہ نے خود بھی کرپشن کا اقرار کیا اور 80ہزار روپے واپس جمع کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے با ر بار ذمہ دار حکام کو درخواستیں دی گئی مگر کوئی عمل درآمد نہیں ہو رہا ۔ انہوں نے کہاکہ فرنیچر کے خریداری سمیت دیگر معاملات میں بھی بڑے پیمانے پر خرد برد کی گئی ہے ۔ صوبائی حکومت کی طرف سے صفائی مہم کے حوالے سے انہوں نے اپنے بیٹوں سمیت چند افراد کی ڈیوٹی لگائی اور 30دنوں کے حساب سے رقم جیب میں ڈال دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویلج کونسل کے دفتر پر جواء بازوں اور منشیات کے عادی لوگوں کا قبضہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ، انٹی کرپشن اور دیگر اداروں کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا مگر کوئی داد رسی نہیں ہو رہی ۔ انہوں نے دھمکی دی کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر ناظم حبیب اللہ اور سیکرٹری کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو اجتماعی استعفیٰ دینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر