ن لیگ آزادکشمیر کی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے،شیخ سراج منیر
مظفرآباد(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے ممبر مرکزی مجلس عاملہ شیخ سراج منیر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر ارجہ فاروق حیدر خان کا دورہ نیلم خوش آئند وہاں کے عوامی مسائل کے حل کیلئے مختلف منصوبوں کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لیئے ہیں۔ راجہ فاروق حیدر خان ریاست کی تعمیروترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ شیخ سراج منیر کاکہنا تھا کہ پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو سمیت محکمہ تعلیم کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے اساتذہ کو این ٹی ایس کے ذریعے ایڈجسٹ کر کے اہلیت ، صلاحیت اور میرٹ کو تقویت ملی ہے، یہی وجہ ہے کہ نہ صرف مسلم لیگ ن بلکہ آزادکشمیر کے باشعور عوام راجہ فاروق حیدر خان کے عوام دوست اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مخالفین راجہ فاروق حیدر خان کے عوام دوست اقدامات سے خائف ہیں ، انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، مسلم لیگ ن کی عوام دوست حکومت ریاست کو تعمیروترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سیاحت پر توجہ دی جارہی ہے، سڑکیں کشادہ کی جارہی ہیں، تعلیمی معیار بہتربنایا جارہاہے، اسپتالوں کے اندر صحت کی مفت سہولیات کیلئے اقدامات کیئے گئے ہیں۔ اسی طرح سے ہر محکمہ کے اندر اصلاحات کا آغاز کیا گیا ہے، سفارشی کلچر، اقرباء پروری اور برادری ازم کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جارہا ہے یہی خوشحالی کی بنیادیں ہیں اس سے میرٹ کا بول بالا ہوگا ، عوام دوست اقدامات مسلم لیگ ن کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت عملا جنگ ہار چکا ہے، جموں کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا پیدائشی حق چاہتے ہیں، اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق میں پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کروائے تاکہ خطہ میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ شیخ سراج منیر کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خراب صورتحال کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے ، چند روز کے دوران مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی قابض فو ج نے غیر قانونی کارروائیوں اور آپریشنز کے نام پر 12 نہتے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں عملاً جنگ ہار چکا ہے ،نریندرمودی کے ہاتھ کشمیری شہداء کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔