نوازشریف کو مشکل وقت میں آصف زرداری یاد آتے ہیں، ناصر شاہ

نوازشریف کو مشکل وقت میں آصف زرداری یاد آتے ہیں، ناصر شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے وزیر اطلاعات ومحنت وٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ میاں محمد نوازشریف جب مشکل میں ہوتے ہیں تو انہیں ہمیشہ پیپلزپارٹی اور آصف علی زرداری یاد آتے ہیں، وقت نکلنے کے بعد وہ سب کچھ بھول جاتے ہیں، میاں نوازشریف اور ان کے خاندان پر لازم ہے کہ وہ عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کریں،وہ مقامی ہوٹل میں سلطنت آف عمان کے 47 ویں قومی دن کے موقع پر اظہار خیال اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،اس موقع پر کراچی میں تعینات عمان کے قونصل جنرل عبداللہ حمیدسالم الشمسی نے بھی خطاب کیا،تقریب میں سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی ،سنئیر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو سفاتکاروں ،بزنس مین اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی،ایک سوال پر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسلام آباد اور ملک بھر میں دھرنے ختم ہونے چاہئیے،شرکاء دھرنا کی جانب سے وفاقی وزیر قانون ذاہد حامد کے مستعفی ہونے کا مطالبہ درست نہیں،اگر چہ ہمارے ن لیگ سے سیاسی اختلافات ہیں ،لیکن اس کا مقصد یہ نہیں کہ ہم اصولی موقف سے ہٹ جائیں ،ہم ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی کے لئے کردار ادا کرتے رہے ہیں،اس کے لئیے ہمیں فرینڈلی اپوزیشن کے تعنے بھی برداشت کرنے پڑتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ختم نبوت پر ہمارا ایمان ہے اور حضورﷺپر جان بھی قربان ہے ،لیکن جو لاکھوں لوگ پریشانی میں مبتلا ہیں ان کے حقوق کا بھی تحفظ ہمارا فرض ہے ،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے شرکاء دھرنا کے ساتھ مزاکرات کامیاب نہیں ہوسکے،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مستعفی ہونا چاہئیے اور وطن واپس آکر اپنے خلاف قائم ریفرنس کا سامنا کریں،بیرون ملک چھپ کر بیٹھنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا،ان کا نام اگر ای سی ایل میں ڈالا جاتا ہے تو وہ اس بارے میں فکر مند ہونے کے بجائے مقدمات کا سامنا کریں،انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ مردم شماری پر ہمارے تحفظات ہیں اور اس کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی مختلف فورم پر کرچکے ہیں،یہ کسی صورت قبول نہیں کہ سندھ کی آبادی کو کم دیکھایا جائے ،انہوں نے کہا کہ گرین لائن کا منصوبہ وفاقی حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے تاخیر کا شکا ر ہو ا ہے،ہماری پوری کوشش تھی کہ یہ منصوبہ موجودہ سال دسمبر تک مکمل کرلیا جائے،قبل ازیں انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمان پاکستان دو اسلامی برادر ملک ہیں ،عمان کے ساتھ ہمارے تعلقات پارٹی کے شہید بانی ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے شروع ہوئے اور اس میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شرکت کرنی تھی ،لیکن وزیراعلی اپنی مصروفیات کے سبب نہ آسکے ،لیکن آج یہاں تقریب میں مجھ سمیت سنئیر صوبائی وزیر اور اسپیکر سندھ اسمبلی موجود ہیں،اس موقع پر اپنے خطاب میں قونصل جنرل عبداللہ حمیدسالم الشمسی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان جو برادرانہ رشتہ ہے اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ،دونوں ملکوں کے درمیان تجارت میں بھی وقت کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے ،عمان میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد موجود ہے جو مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان درآمد وبرآمد کے شعبے میں مزید اضافہ ہو،انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں جس طرح سندھ حکومت کی نمائندگی ہوئی ہے اس سے دونوں ملکوں کے کے ٹھوس اور مضبوط رشتے کی نشاندہی ہوتی ہے،تقریب میں دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے اور کیک کاٹا گیا۔

مزید : کراچی صفحہ آخر