فنکشنل لیگ اسٹیبلشمنٹ کے اشاروں پر کام کررہی ہے، منظور وسان

فنکشنل لیگ اسٹیبلشمنٹ کے اشاروں پر کام کررہی ہے، منظور وسان

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ کے صوبائی وزیر صنعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مسلم لیگ فنکشنل والوں سے کام لے کر ان کو بھی جیل بھیج دے گی، سکھر میں فنکشنل لیگ کا جلسہ تیسری قوت کے سہارے پر کیا گیا ہے۔یہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نہیں بلکہ جنرل مشرف الائنس ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ڈی اے کے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ف لیگ کے رہنماء صدرالدین شاہ کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔ جنرل مشرف الائنس عام انتخابات میں پہلے سے بھی کم سیٹیں لے گا۔سندھ میں لوگوں نے کرپشن کرنا فنکشنل لیگ سے ہی سیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ف لیگ والے کبھی جنرل ضیاء توکبھی جام صادق تو کبھی مشرف تو کبھی ن لیگ کے ساتھ مل جاتی ہے ہے۔ اقتدار میں آنے کہ لیے سندھ دشمنوں کے ساتھ مل جاتے ہیں۔ انہوں نے پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیبلشمینٹ ف لیگ والوں سے کام لیکران کوبھی جیل بھیج دیگی۔اسٹیبلشمنٹ کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑے گی۔جی ایم اے کا مجھے کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا۔انہوں نے کہا کہ جلد جنرل مشرف الائنس والے ٹکڑوں میں بٹ جائیں گے۔ الیکشن سے پہلے کچھ رہنماء پی ٹی آئی،ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔ آئندہ انتخابات میں فنکشنل لیگ کو سانگھڑ اور خیرپور میں بھی شکست ملے گی۔انہوں نے کہا کہ الائنس والے مشرف کے ساتھ ملکر سندھ کو دو حصوں میں باٹنے کی سازش کررہے ہیں جس کا ثبوت مشرف نے اپنے بیان میں دیا ہے کہ مزید صوبے بنانے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں فنکشنل لیگ پھول کے نشان پر ہی الیکشن لڑے گی۔ جس کو شکست ملے گی۔ الائنس والے کس منہ سے کرپشن کی بات کررہے ہیں۔سکھر میں فنکشنل لیگ کا جلسہ مریدوں اور مرشدوں کا جلسہ ہے۔

مزید : ملتان صفحہ اول