سندھ حکومت کا آج تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت کا آج تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ حکومت نے آج (پیر) تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مختلف نجی یونیورسٹیز اور پرائیویٹ اسکولز نے آج (پیر) اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں اسکولوں کی بندش کے معاملے پر محکمہ تعلیم نے وزیراعلی سندھ سے رابطہ کرلیا۔ سیکریٹری اقبال درانی نے وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری کو فون کرکے شہر میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر ان سے استفسار کیا کہ کیا پیر کے روز اسکول کھولے جائیں جس پر وزیراعلی ہاؤس نے مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا۔ علاوہ ازیں جامعہ کراچی، جامعہ اردو اور سندھ مدرسۃ السلام نے آج (پیر) تدریسی عمل معطل رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے اعلامیہ کے مطابق آج (پیر) تدریسی عمل معطل رہے گا۔ انتظامیہ کے مطابق کلاسز کی معطلی کا فیصلہ شہر کی خراب صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق ایس ایم آئی یو میں آج ہونے والے انٹرویوز بھی منعقد نہیں ہونگے جبکہ جامعہ کراچی میں آج (پیر) ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق شہر کی صورتحال کے پیش نظر امتحان ملتوی کیے گئے ہیں۔ وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان کے مطابق ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ شہر کی صورت حال پر چیئرمین پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن حیدر علی نے بھی اعلان کردیا ہے کہ کراچی میں آج نجی اسکولز بند رہیں گے۔ فیصلہ شہر کی موجودہ صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جبکہ وفاقی جامعہ اردو اور اس سے ملحقہ کالجوں کے آج (پیر) ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ افسر تعلقات عامہ ارم افضل کے مطابق آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا اور آج وفاقی جامعہ اردو میں تدریسی عمل معطل رہے گا۔