وزیراعظم استعفیٰ دے کر عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کریں، قادر مگسی

وزیراعظم استعفیٰ دے کر عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کریں، قادر مگسی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئر مین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت ناکام ہو گئی ہے ،وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ استعفیٰ دے کر عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کریں اور جلد عام انتخابات کرائے جائیں ،حکومت کے غلط فیصلوں کے سبب ملک میں مارشل لاکا ماحول پید اہورہا ہے ، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی سندھ دشمن سامراج کی سیاسی جماعتیں ہیں۔فاروق ستار ایک بزدل شخص ہیں جو اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے پر چلتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو کراچی میں سچل گوٹھ کے گرانڈ میں یوم شہداکی مناسبت سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین جام عبدالفتح سمیت سندھ بھر سے کارکنان نے شرکت کی ۔ جلسے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ الطاف حسین اور آصف زرداری ایک سکے کے دو رخ ہیں۔یہ دونوں پاکستان سے غداری اور ملک کو تقسیم کی سازش کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ فاروق ستار ایک بزدل شخص ہیں جو اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے پر چلتے ہیں ،فاروق ستار کو پانچ منٹ کے لیے کمرے میں بند کرکے پوچھیں تو پتہ چل جائیگا کہ یہ مہاجر صوبے کا مطالبہ بھی الطاف حسین کے کہنے پر کیا جارہا ہے ، دنیا کی کوئی طاقت سندھ کے خلاف سوچ نہیں سکتی،جو سندھ توڑنے کی بات کرے گا اس کے ٹکڑے ٹکڑے کردیں گے۔ انھوں نے کہا کہ الطاف حسین کو چالیس سال تک پالا ،انھیں اقتدار اور لوگوں کو مارنے کا لائسنس دیا گیا لیکن اس کے باوجود آج وہ ملک کو توڑنے کی سازشیں کروارہے ہیں ۔قادر مگسی نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی بھی ایم کیو ایم کی طرح سندھ کی دشمن ہے۔ آئندہ الیکشن میں سندھ کو بچانے کے لیے پیپلزپارٹی کو شکست دیناہوگی ۔انھوں نے کہا کہ آصف زرداری جاگیر دار طبقے کے گرو ہیں،سندھ کے وسائل کو لوٹا جارہا ہے ، آصف زرداری نے بے نظیر بھٹو کی شہادت کا فائدہ اٹھایا اور وہ بھی ملک کے خلاف سازش میں شریک ہیں۔انھوں نے کہا کہ راجہ داہر سے لے کر بے نظیر بھٹو تک سندھ کی ترقی کیلیے اپنی جان دینے والے سب شہید ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ آخر