حکومت نے لاشیں گرا کر ماڈل ٹاؤن کی تاریخ دہرا دی،اقبال رضوی

حکومت نے لاشیں گرا کر ماڈل ٹاؤن کی تاریخ دہرا دی،اقبال رضوی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ پُرامن لوگوں پر وحشیانہ تشدد کر کے اور لاشیں گرا کر ماڈل ٹاؤن کی تاریخ کو دہرایا گیا ہے، حکومت کواپنے تمام مظالم کا حساب دینا ہوگا،ظلم کے بل بوتے پر زیادہ دیر تک اقتدار میں رہنا ممکن نہیں، بے گناہ لوگوں کو گرفتارکیا جا رہاہے، نواز حکومت میڈیا پر پابندی لگا کر اپنے آمرانہ اقدامات کو دنیا سے پوشیدہ رکھنا چاہتی ہے، صحافتی اداروں پر پابندی اطلاعات تک رسائی کے بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے، آزادی صحافت کی جدوجہد میں پوری صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ایم ڈبلیوا یم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کو پنجاب حکومت نے اغوا کیا ہے، عدالتی احکامات کے باوجود ان کی عدم بازیابی پنجاب حکومت کی غنڈہ گردی اور اپنی اجارہ داری ثابت کرنے کی کوشش ہے، اہلسنت تنظیمات کی اعلان کردہ ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ اپنے بیان میں علامہ احمد اقبال نے کہا کہ نا اہل حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ پالیسوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے، جو حکومت اپنے ملک کے باسیوں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی، اس سے بین الاقوامی معاملات میں سوائے جگ ہنسائی کے اور کسی چیز کی امید نہیں رکھی جا سکتی، فیض آباد کو طاقت کے بل بوتے پر کھولنے کی کوشش کرنے والوں نے بدتدبیری کے باعث پورے ملک کو جام کرا دیا ہے، ملک میں امن و امان کے قیام میں ناکامی پر وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو اپنے عہدے سے فوری مستعفی ہو جانا چاہیے ،ملک کے حالات موجود حکومت کے قابو میں نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وزیر کو بچانے کیلئے پوری ملک کی سلامتی کو داؤ پرلگا دیا گیا ہے جو انتہائی شرمناک ہے، ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنے کی بجائے افہام و تفہیم سے مسائل ہونے چاہیے، فیض آباد میں دھرنے کے شرکاء کے خلاف طاقت اور اختیارات کے غلط استعمال نے پورے ملک میں انارکی پیدا کی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جز ہے، اس میں تبدیلی کرنے والے قوم و ملک کے مجرم اور خائن ہیں،ان مجرموں کو قوم کے سامنے پیش کیا جائے،پاکستان کی بنیاد نظریہ اسلام اور نظریہ اسلام کی اساس عقیدہ ختم نبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جائز حقوق لیے احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، پرامن مظاہرین پر تشدد قابل مذمت ہے، حکومت کے اندر ایسے عناصر موجود ہیں، جو مختلف اداروں اور عوام میں ٹکراؤ چاہتے ہیں، ارض پاک تصادم کی کسی بھی صورتحال کا قطعی متحمل نہیں ہے، جو قوتیں ملک میں انتشار چاہتی ہیں انہیں بھی بے نقاب کیا جانا ہو گا۔

 

مزید : کراچی صفحہ آخر