فیض آباد دھرنا کیس،وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال عدالت میں پیش ہو گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال فیض آباد دھرنے سے متعلق کیس میں طلب کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوگئے،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دھرنے کے حوالے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تو وفاقی وزیر داخلہ پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کو 15 منٹ پیش ہونے کا حکم دیا ۔
دوران سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ کہاں ہیں؟۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتا یا کہ وزیر داخلہ رات بھر جاگتے رہے ،اس لئے پہنچنے میں تاخیر ہوئی ۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ وزیر داخلہ رات بھر کیا کرتے رہے ہیں؟
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ دھرنا مظاہرین کیساتھ معاہدے اور مذاکرات کرتے رہے ۔
اس پر عدالت نے احسن اقبال کے پیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کوپیش ہونے کا حکم دیا جس پر احسن اقبال عدالت میں پیش ہو گئے۔