حکومت مرضی کے فیصلوں پر ارشد ملک کے دفاع کیلئے بھی کمربستہ ہوجاتی ہے ، جاوید لطیف کا الزام
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہاہے کہ جب تک وزیر اعظم کی مرضی کے مطابق فیصلے آئیں خواہ وہ فیصلہ ارشد ملک ہی کیوں نہ دے تو حکومت ان کے دفاع کیلئے کمربستہ ہوجاتی ہے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ آرمی چیف کی توسیع کے حوالے سے کوئی شک نہیں کہ یہ وزیر اعظم کا اختیار ہے لیکن بات طریقہ کار کی ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک وزیر اعظم کی مرضی کے مطابق فیصلے آئیں خواہ وہ فیصلہ ارشد ملک ہی کیوں نہ دے تو حکومت ان کے دفاع کیلئے کمربستہ ہوجاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ تو بھلا ہو عدالتوں کا کہ فردوس عاشق اعوان اور چودھری سرور کو معاف کردیا، موجودہ چیف جسٹس کو وزیر اعظم کے متعلق بات کیوں کرنا پڑی ؟ وزیر اعظم باربار کس کوکہتے ہیں کہ میں این آر او نہیں ہونے دوں گا ۔ وہ تو سرکاری میڈیکل بورڈ ، اپنی وزیر صحت بلکہ اپنے آپ پر بھی عدم اعتماد کردیتے ہیں۔