کرپشن کے ہوتے ہوئے ریاست مدینہ کا تصور نہیں کیا جا سکتا،راشد حفیظ

کرپشن کے ہوتے ہوئے ریاست مدینہ کا تصور نہیں کیا جا سکتا،راشد حفیظ

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ کرپشن، ظلم، نا انصافی، میرٹ کی خلاف ورزی اور طبقاتی تقسیم کے ہوتے ہوئے ریاست مدینہ کا تصور نہیں کیا جا سکتا یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ان برائیوں کے خلاف سینہ تان کر کھڑی ہے اور کوچہ سیاست میں موجود جن لوگوں کے مفادات کو ضرب لگ رہی ہے وہ پرانے نظام کو بچانے کیلئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں. حکومت ایسے عناصر سے قطعا خوفزدہ نہیں اور نہ ہی ہماری حکومت کرپشن کے خاتمے کی جدوجہد میں کوئی نرمی یا لچک دکھائے گی۔

 انہو ں نے ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین مفتی محمد حنیف قریشی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایک وفد کے ساتھ صوبائی وزیر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے سے بھلا کس کو اختلاف ہو سکتا ہے مگر اس جانب جانے والے راستوں پر گامزن ہونے اور اس سے دور کرنے والے راستوں کو بند کرنے کی ہماری جدوجہد میں رکاوٹیں ڈالنا درست عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بے پناہ قدرتی وسائل موجود ہیں مگر قیادت اور ویڑن کی شدید کمی کے باعث ان وسائل کو قومی ترقی کی ضمانت بننے میں ڈھالا نہیں جا سکا۔ پاکستان تحریک انصاف نے پہلی مرتبہ طبقہ امراء  کو بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا ہے جو ریاست مدینہ کا سب سے بڑا امتیاز ہے

مزید : میٹروپولیٹن 1