نبی کریم ؐ پوری انسانیت کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے: پیر عبد الخالق قادری 

  نبی کریم ؐ پوری انسانیت کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے: پیر عبد الخالق قادری 

  



لاہور (لیڈی رپورٹر) دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ہمیں اپنے اعمال کو سیرت طیبہ کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔ نبی کریمؐ کی تعلیمات سے عرب معاشرہ کی کایا ہی پلٹ گئی اور بدترین دشمن بھی آپس میں بھائی بھائی بن گئے۔ ہمارے تمام مسائل کا حل سیرت النبیؐ کی پیروی میں ہے۔ مسلمان کی تعلیم و تربیت کیلئے اگر کوئی ہستی نمونہئ کامل ہو سکتی ہے تو وہ نبی کریم ؐ کی ذات مبارکہ ہے ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں نظریہئ پاکستان ٹرسٹ اور تحریکِ پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا کلیدی موضوع ”دہر میں اسم محمدؐ سے اجالا کردے“ ہے۔ اس موقع پر تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن‘ پنجاب یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور نظریہئ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد‘ چیف ایڈیٹرروزنا مہ پاکستان مجیب الرحمن شامی، سجادہ نشین خانقاہ عالیہ بھرچونڈی شریف پیر میاں عبدالخالق القادری، سینیٹر ولید اقبال، سجادہ نشین خانقاہ محبوب آباد شریف حویلیاں پیر سید محی الدین محبوب قادری، خانوادہ حضرت سلطان باہوؒ صاحبزادہ سلطان احمد علی،مہتمم جامعہ نصیر العلوم علامہ نصیر احمد قادری، سیکرٹری نظریہئ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، مذہبی سکالر بیگم خالدہ جمیل، بیگم صفیہ اسحاق، سید احسان گیلانی، ارشاد احمد ارشد، انجینئر محمد طفیل ملک، مشائخ عظام‘ علمائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے۔ تلاوت کی سعادت قاری محمد صدیق چشتی نے حاصل کی جبکہ بارگاہ رسالت مآبؐ میں گلہائے عقیدت شاہد اکبر نظامی اور حافظ وارث سلطانی نے پیش کئے۔ کانفرنس کی نظامت کے فرائض حافظ عثمان احمد نے انجام دیئے۔ حضرت پیر میاں عبدالخالق القادری نے کہا کہ اسوہئ رسولؐ پر عمل کر کے ہی تمام مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ نبی کریمؐ صرف مسلمانوں ہی نہیں پوری انسانیت کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں، ہم ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے واقعہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور عالم اسلام کے حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسا متفقہ لائحہ عمل اپنائیں کہ مستقبل میں ایسے واقعات کا تدارک کیا جا سکے۔ چیف ایڈیٹر روزنا مہ پا کستان مجیب الرحمن شامی نے  اپنے خطا ب میں کہا کہ  نبی کریمؐ کی پوری زندگی جہد مسلسل کی عملی مثال ہے آپؐ نے اپنے اعمال وکردار سے ہمارے لئے ایک راہ متعین کر دی جس پر چل کر ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ عمل کی قوت سے ہی ہر پست بالا ہوتا ہے جبکہ دہر میں اسم محمدؐ سے اجالا کرنے کیلئے ہمیں آپؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہئے۔ آپؐ کے کردار واعمال کو ہمیں اپنے عمل میں ڈھالنا ہو گا ورنہ محض تقریروں یا دعوؤں سے کوئی بات نہیں بن سکتی ہے۔ آپؐ کے گھر کئی کئی روز فاقہ رہتا لیکن آپؐ بھوکوں کو کھانا کھلاتے تھے۔ نبی کریمؐ نے محبت، رواداری،برداشت، انفاق فی سبیل اللہ، دوسروں کی مدد کرنا، مصیبت زدہ کے کام آنے کا درس دیا۔ اب ہم میں سے ہر کوئی اپنا احتساب خود کرے کہ وہ نبی کریمؐ کی تعلیمات پر کتنا عمل کر رہا ہے۔ سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ آپؐ نے خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کا بھی مکمل تحفظ کیا۔ علامہ محمد اقبالؒ سچے عاشق رسولؐ تھے۔ پیر سید محی الدین محبوب قادری نے کہا کہ نبی کریمؐ نے تمام انسانی حقوق کا تحفظ اور زمانہ جاہلیت کی فرسودہ رسومات و رواج کا خاتمہ کیا۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ تمام مسلمانوں کیلئے رول ماڈل ہے۔ علامہ نصیر احمد قادری نے کہا کہ آپؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے۔ شاہد رشید نے کہا ہمارے لیے نبی کریمؐ کی حیات طیبہ ہی بہترین نمونہ ہے

ایوان کارکنان

مزید : میٹروپولیٹن 1