جناح رفیع فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام رفیع بٹ کی 71ویں برسی منائی گئی

جناح رفیع فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام رفیع بٹ کی 71ویں برسی منائی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر)جناح رفیع فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام تحریکِ پاکستان کے اہم کارکن قائدِ اعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی، برصغیر کی سب سے بڑی آلاتِ جراحی کی صنعت اور پہلے مسلمان بینک ”سینٹرل ایکسچینج بنک آف انڈیا“کے مالک رفیع بٹ کی71ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پر مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ رفیع بٹ قائدِ اعظم کے معتمد ساتھی اور معاشی محاذ پر قائد کے مشیرِ خاص تھے۔ جنہوں نے تحریکِ پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور مختلف مواقع پر آل انڈیا مسلم لیگ کے لیے گرانقدر مالی خدمات پیش کیں۔رفیع بٹ نے ہی مسلمانوں کے پیغام کو موثر انداز میں دنیا تک پہنچانے کے لیے انگریزی اخبار ”پاکستان ٹائمز“کے اجراء کے لیے قائدِ اعظم کو راضی کیا اور اس مقصد کے لیے خطیر سرمایہ وقف کیا۔ مرحوم آل انڈیا مسلم لیگ کی پلاننگ کمیٹی کے رکن اور مائنز اینڈ منرلز اینڈ اکنامک کمیٹی کے چیئرمین کے ساتھ ساتھ مغربی پاکستان مسلم چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر تھے۔ رفیع بٹ قائدِ اعظم کی وفات کے محض دو ماہ بعد 26نومبر 1948کو کراچی سے لاہور آنے والی پرواز کے وہاڑی کے قریب گر کر تباہ ہونے کی وجہ سے صرف 39سال کی عمر میں شہادت پا گئے تھے۔ برسی کی تقریب سے جناح رفیع فاؤنڈیشن کے چیئرمین امتیاز رفیع بٹ،رئیس عباس زیدی، شہریار رفیع بٹ اور شازل رفیع بٹ نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کی پاکستان کے لیے گرانقدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے فلسفے اور سوچ کو آگے بڑھانے کا اعادہ کیا۔
برسی