لاہور پولو کلب کے زیراہتمام اوپن پولو چیمپئن شپ کا آغاز

لاہور پولو کلب کے زیراہتمام اوپن پولو چیمپئن شپ کا آغاز

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ہمدان پولو کپ برائے لاہور اوپن پولو چیمپئن شپ 2019ء  کا آغاز ہوگیا گزشتہ روز دو اہم میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں پلاٹنیم ہومز /اولمپیاء  نے ڈیسکون کنسٹرکشن کمپنی /گارڈ گروپ کو 8-1 سے جبکہ دوسرے میچ میں سامبا بینک نے باڑیز کو 6-5 سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ہائی گول سیزن کے پہلے بڑے ایونٹ میں میچز کو دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی اچھی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، ممبرز اور ان کی فیملیز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پہلے میچ میں پلاٹینم ہومز /اولمپیاء  نے ڈیسکون کنسٹرکشن/گارڈ گروپ کو 8-1 سے ہرایا۔ پلاٹینم ہومز /اولمپیاء  کی طرف سے امیرازا بہاؤدی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور تین خوبصورت گول سکور کیے جبکہ احمد علی ٹوانہ اور قدیر اشفاق نے دو دو اور غلام مصطفی منوں نے ایک گول سکور کیا۔ ڈیسکون کنسٹرکشن کمپنی /گارڈ گروپ کی طرف سے حمزہ مواز خان نے واحد گول سکور کیا۔ دوسرا میچ سامبا بینک اور باڑیز کے درمیان کافی سنسنی خیز رہا۔ جو سامبا بینک نے 6-5 سے جیتا۔سامبا بینک کی طرف سے  ایڈورڈ بینر ایو نے  شاندار کھیل پیش کیا اور تین گول سکور کیے جبکہ المان جلیل اعظم، سید محمد تراب رضوی اور عدنان جلیل اعظم نے ایک ایک گول سکور کیا۔ باڑیز کی طرف سے ایرنسٹو ٹروٹز نے پانچوں گول سکور کیے۔ آج بروز بدھ کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں  دوپہر دو بجے  پلانٹیم ہومز /اولمپیاء  کا مقابلہ ماسٹر پینٹس سے ہوگا جبکہ دوپہر تین بجے اے ای او ایس پولو ٹیم کا مقابلہ ماسٹر پینٹس بلیک سے ہوگا

مزید : کھیل اور کھلاڑی