عوامی خدمت اور حفاظت کے مشن میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے:آئی جی پنجاب

عوامی خدمت اور حفاظت کے مشن میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے:آئی جی پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کر ائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور معاشرے میں قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کیلئے پوری طرح الرٹ ہے اور عوامی خدمت اور حفاظت کے مشن میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط رابطہ اور باہمی اعتماد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کا عمل مزید تیز ہوسکے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس کی بروقت کاروائیوں اور علمائے کرام کی بین المذاہب ہم آہنگی کی کوششوں کی بدولت صوبے سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہوچکا ہے اور اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان میں وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اہل سنت، اہل تشیع، دیوبند اوربریلوی سمیت دیگر مکتبہ فکر کے علمائے کرام اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں علامہ شکیل رحمان ناصر، علامہ حافظ محمد کاظم رضا نقوی، علامہ محمد زبیر ورک، مفتی سید عاشق حسین، علامہ حافظ سمیع اللہ اور رانا عبدالمنان سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔علمائے کرام کے وفد نے اہم مذہبی تہواروں بالخصوص جشن عید میلاد النبیؐ اور محرم الحرام کے دوران صوبے کے تمام اضلا ع میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنے پر آئی جی پنجاب کی قیادت اور پنجاب پولیس کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کی جانفشانی کی بدولت معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار ہے جس پر وہ تہہ دل سے پنجاب پولیس کے افسران واہلکاروں کی کوششوں کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس مذہبی اورقو می تہواروں کے علاوہ روٹین میں بھی عوام کی جان ومال کے تحفظ کے فرائض جانفشانی سے سر انجام دے رہی ہے جس کی بدولت رواں برس صوبے میں دہشت گردی کے واقعات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے جو پنجاب پولیس کی بہترین کارکردگی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔علمائے کرام کے وفد نے صوبے کے تمام شہروں میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے پر آئی جی پنجاب کو شیلڈ بھی پیش کی۔
 جبکہ اس موقع پر پنجاب پولیس کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی طور پر فاتحہ خوانی کی گئی۔

مزید :

علاقائی -