کامیاب نوجوان پروگرام،15دن میں 10لاکھ درخواستیں موصول ہو گئیں:عثمان بزدار

کامیاب نوجوان پروگرام،15دن میں 10لاکھ درخواستیں موصول ہو گئیں:عثمان بزدار

  



راولپنڈی (کامرس ڈیسک)امور نوجوان کے مشیر عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت صرف پندرہ دن میں دس لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، خواتین درخواست گزار کی تعداد ایک لاکھ نوے ہزار ہے۔پروگرام کے پہلے مرحلے میں اگلے سال مارچ میں ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں میں بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ یوتھ انٹر پرنیور شپ سکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی کے طریقہ کار کو نہایت ہی شفا ف رکھا گیا ہے۔ کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے ایک سو ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بزنس پلان چیمبر آف کامرس کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔ پالیسی سازی میں چیمبر کو شامل کیا جائے گا۔ انٹر پرنیورشپ کے فروغ میں راولپنڈی چیمبر کا کردار قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر گلوبل انٹر پرنیورشپ ویک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت سکلڈ ڈیویلپمنٹ ٹریننگ کے لیے بارہ ارب رکھے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو ایمرجنگ ٹیکنالوجیز سے روشناس کر ایا جا سکے۔ ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے تحت سٹارٹ اپ پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو ڈسکاونٹ دینے کے لیے یوتھ کارڈ سکیم بھی لائی جا رہی ہے۔ نیشنل یوتھ ڈیویلپمنٹ فاونڈیشن کا قیام بھی زیر غور ہے۔ اس سے پہلے صدر چیمبر صبور ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک سے طلباء کو روزگار کی تلاش کی بجائے روزگار پیدا کرنے والا بنانے میں مدد ملے گی۔ نوجوان ملکی آبادی کا ساٹھ فی صد حصہ ہیں ہمیں ان پر سرمایاکاری کرنا ہوگی انٹر پرینورشپ ویک کے دوران  مختلف یونیورسٹیوں اور کالجز کے طلباء کو تربیتی ورکشاپس سیمنیار میں شرکت کا موقع ملتا ہے جس سے نوجوان اپنا کاروبار شروع کرنے میں جدید خیالات اور نظریات اپنا سکتے ہیں۔ نوجوان روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ ٹیکنکل سکلز بہتر بنائیں ای کامرس اور ایس ایم ای اور بزنس سٹارٹ اپ کے ذریعے ملکی معیشت کو نیا رخ دیا جا سکتا ہے۔ 

مزید : کامرس