پاکستان چاول،فرنیچر اور قالینوں سمیت متعدد مصنوعات ہنگری کو برآمد کر سکتا ہے:محمد اعجاز

پاکستان چاول،فرنیچر اور قالینوں سمیت متعدد مصنوعات ہنگری کو برآمد کر سکتا ...

  



اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان کے ہنگری کیلئے نامزد سفیر محمد اعجاز نے کہا کہ پاکستان اس وقت ہنگری کو زیادہ تر ٹیکسٹائل اور چمڑے کی مصنوعات برآمد کررہا ہے جس وجہ سے دونوں ممالک کی باہمی تجارت اصل صلاحیت سے بہت کم ہے تا ہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری ہنگری کو فوڈ آٹمز، چاول، فرنیچر اور قالینوں سمیت متعدد مصنوعات برآمد کر سکتی ہے لہذا وہ اس سلسلے میں کوششیں تیز کرے جس سے ہنگری کے ساتھ پاکستان کی تجارت مزید بہتر ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  محمد اعجاز نے کہا کہ ہنگری اپنی کل درآمدات کا 13فیصد ایشیاء سے حاصل کرتا ہے اور اگر پاکستان کی تاجر برادری مزیدر کوششیں کرے تو پاکستان ہنگری کی مارکیٹ میں بہتر پوزیشن حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگل کنٹری نمائشیں تجارت کو بہتر کرنے کا اہم ذریعہ ہیں لہذا پاکستان کا نجی شعبہ ہنگری میں تجارتی نمائش منعقد کر کے اپنی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کرے۔انہوں نے کہا کہ ہنگری ہر سال پاکستان کے 200طلبا کو سکالر شپ فراہم کرتا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط بہتر ہوں گے اور تجارت میں بھی بہتری آ سکتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہنگری کی تاجر برادری کے ساتھ ملاقات کر کے وہاں پاکستانی مصنوعات کی مانگ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے اورکاروبار سے متعلقہ معلومات اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ شیئر کریں گے تا کہ تاجر برادری ہنگری کے ساتھ کاروبار کے ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ معیشت کی بحالی کیلئے برآمدات کا فروغ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ممالک میں موجود پاکستان کے سفارتخانے برآمدات کو بہتر کرنے میں بہت مفید کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستانی سفارتخانے متعلقہ ممالک کی مارکیٹوں میں پاکستانی مصنوعات کی ڈیمانڈ کے بارے میں معلومات باقاعدگی کے ساتھ پاکستان کے چیمبرز آف کامرس کو فراہم کریں تو نجی شعبہ برآمدات کو فروغ دینے کے تمام ممکنہ مواقعوں سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔

  انہوں نے کہا کہ ہنگری میں پاکستان کا سفارتخانہ ہنگری کی ٹاپ 10امپورٹس کے بارے میں معلومات اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ شیئر کریتاکہ تاجر برادری ہنگری کی اہم درآمدات میں اپنے لئے کاروبار کے مواقع تلاش کر سکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ ہنگری کی ایک کمپنی نے پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا سفارتخانہ ہنگری کے مزید سرمایہ کاروں کو پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کرے تا کہ ہنگری کے مزید سرمایہ کاری پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف توجہ دیں۔ ا سلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر باصر داؤد، محمد شکیل منیر، محمد اسلم کھوکھر، عثمان خالد، عبدالرحمٰن، اشعر حفیظ، خالد چوہدری، محمد نوید ملک اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و ہنگری کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بہتر کرنے کیلئے تجاویز دیں۔ 

مزید : کامرس