ایف پی سی سی آئی الیکشن‘بی ایم پی نے امیدواران کا اعلان کر دیا

  ایف پی سی سی آئی الیکشن‘بی ایم پی نے امیدواران کا اعلان کر دیا

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)بزنس مین پینل(بی ایم پی) نے فیڈریشن پاکستان چیمبرز آف کامرس کے انتخابات برائے ۲۰۲۰ کیلئے ایسوسی ایٹ کلاس اور چیمبر کلاس سے نائب صدور کا اعلان کر دیا جبکہ صدر کی سیٹ کے لئے میاں انجم نثار اور سیئنر نائب صدر کی سیٹ کے لئے عبدالغنی عثمان کو پہلے ہی نامزد کیا جا چکا ہے۔ ماڈل ٹاؤن لاہور میں چیئرمین بزنس مین پینل(پنجاب) خواجہ شاہزیب اکرم کی رہائش گاہ پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور تھے۔تعارفی تقریب سے خطاب کے دروان بی ایم پی کے مرکزی چیئرمین اور صدارتی امیدوار میاں انجم نثار نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں کے دوران ایف پی سی سی آئی میں مخالف گروپ کی قیادت اور عہدیداروں کے ذاتی مفادات کے باعث تاجر برادری کے مسائل حل نہیں ہوسکے۔ فیڈیشن چیمبر میں برسر اقتداریونائیٹڈ بزنس گروپ نے پچھلے جتنے بھی انتخابات جیتے ہیں وہ جعلی ایسوسی ایشنز کی وجہ سے جیتے ہیں جن کا ثبوت عدالت عالیہ کے فیصلے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کی قیادت دراصل خوشامدی گروپ کا ایک ٹولہ ہے جو جعلی ایسوسی ایشنز اور چیمبرز بنا کراور پیسے خرچ کر کے الیکشن جیت جاتے ہیں ان لوگوں میں قابلیت ہوتی تو آج بزنس کمیونٹی سڑکوں پر نہ ہوتی اور ہڑتالیں نہ کرتی۔پاکستان کی کاروباری برادری یو بی جی کی چالوں کو سمجھ چکی ہے اور اس بار انکے بہکاوے میں نہیں آئے گی،پنجاب اس دفعہ اپنی ایک نئی جہد دکھائے گا۔

بزنسمین پینل سندھ کے صدر زکریا عثمان نے کہا کہ بزنس مین پینل نے جو امیدوار کھڑے کئے ہیں وہ نہ صرف قابل اور مسائل کا ادراک رکھتے ہیں بلکہ حکومت کے لئے اچھے مشیر ثابت ہو سکتے ہیں اور ایف پی سی سی آئی میں بنیادی تبدیلیاں لائیں گے۔۔ انھوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے ہم ان کے اعتماد پر ٹھیس نہیں پہنچائیں گے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔بزنسمین پینل کے سیئنر نائب صدر میاں زاہد حسین نے کہا یو بی جی اس دفعہ اپنی کارکردگی پر ووٹ لے تو انکو لگ پتہ جائے گا، بزنس کمیونٹی اس وقت شدید بحران میں ہے جس کی ذمہ دار ایف پی سی سی آئی کی موجودہ قیادت ہے۔انھوں نے کہا ملکی معیشت ایک نازک دور سے گزر رہی ہے اور ان حالات کے تناظر میں میں فیڈریشن پاکستان ایک پریمئیر ادارے کی حیثیت سے اہمیت کافی بڑھ جاتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں ایف پی سی سی آئی کے برسر اقتدار گروپ یو بی جی کا رویہ قابل مذمت ہے۔ کاروباری برادری کو تبدیلی کے خواب دکھا کر وفاقی چیمبر پر قابض ہونے والوں نے حکومت اور تاجروں کے مابین ثالثی کا کردار ادا نہیں کیا بلکہ خوشامد کی سیاست کرتے رہے جس کی وجہ سے تاجر ان سے نا مید ہو کر خود سڑکوں پر آگئے۔انھوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی جو ملک بھر کی کاروباری برادری کی ترجمان ہونے کا دعویٰ کرتی ہے اس وقت ایک مفاد پرست ٹولے کے گھر کی لونڈی بنی ہوئی ہے جس کا واحد مقصد دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگا کروسائل بندر بانٹ اور غیر ملکی دورے کرناہے۔ایف پی سی سی آئی کے دگرگوں حالات اور غیر فعالیت کا ادراک کرتے ہوئے حکومت نے بھی انھیں اہمیت دینا چھوڑ دی ہے۔انھوں نے کہا کہ ملکی معیشت کے تباہی میں یو بی جی کے رہنما ٰؤں کی خودپسندی، ملکی مفادات پر ذاتی فوائد کو ترجیح دینا اور درباری رویہ شامل ہے۔ لیڈر بزنسمین پینل اور چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر نے امیدواران کا مختصر تعارف کروایا۔ خرم اعجاز (انڈنٹرز اسوسی ایشن کراچی)، ڈاکٹر محمد ارشد (پولٹری ایسوسی ایشن اسلام آباد) کرنل ریٹائرڈ توقیر السلام (آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسی) اور شیخ سلطان رحمان (ویسٹ پراڈکٹس ایسوسی ایشن) سے امیدوار ہیں جبکہ قیصر خان داؤدزئی مہمند ایجنسی(خیبر پختونخواہ چیمبر)، ملک محمد سرفراز ناظم اعوان پنجاب کے بہاولپور چیمبر اور عبد القیوم قریشی شہید بے نظیر آباد سندھ چیمبر سے امیدوار ہیں۔ تقریب میں بزنسمین پینل کے سرپرست اعلیٰ طارق سعید، چیئرمین میاں انجم نثار، سلطان چاؤلہ، سیئنروائس چیئرمین میاں زاہد حسین، ثاقب فیاض مگوں،زکریا عثمان(چیئرمین سندھ ریجن)، سینیٹر حاجی غلام علی(سیکرٹری جنرل)، نوید بلوچ (چیئر مین بلوچستان ریجن) ریاض خٹک (کیپٹل ریجن) خواجہ شاہزیب اکرم (چیئرمین پنجاب)، شیخ اسلم،، شوکت احمد،سلطان الرحمن سمیت مختلف ایسوسی ایشنز بشمول پاسپیڈا، کارپٹ مینو فیکچررز،کاسمیٹکس، طبی ایسوسی ایشن، فٹ وئیر، ریڈی میڈ گارمنٹس، فریٹ فارورڈرز، فلم پرڈیوسرز، پیپر مرچنٹ ایسوسی ایشن، پلاسٹک مینو فیکچررز، فارما سیوٹیکلز، پرنٹنگ اینڈ گرافکس ایسوسی ایشن، ویسٹ پراڈکٹس اینڈ ری سائیکلنگ ایسوسی ایشن،سٹیل میلٹرز اینڈ سٹیل لائین پائپ ایسوسی ایشن، پولٹری، خوردنی تیل، صابن مینوفیکچررز سیمنٹ ڈیلز اینڈ مینوفیکچررز، سیڈ، آٹو موٹیو پارٹس، ہوزری، کینوس اینڈ ٹینٹس، کنسٹکٹرز، پیکجنگ سمیت دیگر کئی ایسوسی ایشنز اور چیمبرز سے ای سی جی بی ممبران سمیت عہدیداران تاجروں و صنعتکاروں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

مزید : کامرس