مقبوضہ کشمیر،بھارتی فورسز کی فائرنگ،3نوجوان شہید،سرینگر یونیورسٹی کے باہر دھماکہ،4کشمیری زخمی

مقبوضہ کشمیر،بھارتی فورسز کی فائرنگ،3نوجوان شہید،سرینگر یونیورسٹی کے باہر ...

  



سرینگر(این این آئی،آئی این پی)مقبوضہ کشمیرمیں فوجی محاصرے کے دوران بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پلوامہ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہیدکردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے تین نوجوانوں کو دربگام میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔دو نوجوانوں کی شناخت عرفان نائیرہ اور عرفان راتھر کے طورپر ہوئی ہے۔ فوجیوں نے کارروائی کے دوران ایک گھر کو بھی تباہ کردیا۔ ادھر ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں شہادتوں پرزبردست بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے گولیوں اور آنسو گیس سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔بھارتی پولیس اہلکاروں نے سوپور قصبے کے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد کشمیر ی نوجوانوں کوگرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار کئے گئے بعض نوجوانوں کی شناخت باسط احمد، ثقلین مشتاق، جہانگیر اوربابرکے طورپر ہوئی ہے۔فوجیوں نے سرینگر کے علاقے صورہ میں پکڑ دھکڑ کی پرتشدد کارروائی بھی کی۔ فوجیوں نے کارروائی کے دوران ڈرون اور موٹر بوٹس بھی استعمال کیں۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیر خاص طورپر وادی کشمیر اور جموں کے مختلف علاقوں میں منگل کو مسلسل115ویں روز بھی خوف و ہراس کا ماحول اورغیر یقینی صورتحال جاری رہی۔کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سکول اور تعلیمی ادارے ویرانی کا منظر پیش کرتے رہے۔ انٹرنیٹ، ایس ایم ایس اور پری پیڈ موبائل فون سروسز بھی بدستور معطل ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد وادی کشمیر میں گرفتار کئے گئے 177سیاسی رہنماؤں میں سے صرف ایک کا تعلق بھارتیہ جنتا پارٹی سے تھا۔رپورٹ میں کہاگیا کہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار 746افراد ابھی تک جیلوں میں ہیں جبکہ 5اگست سے 5ستمبر تک 235قیدیوں کواترپریش کی جیلوں میں منتقل کیا گیا۔سرینگر میں منگل کو کشمیر یونیورسٹی کے ایک گیٹ پر دستی بم کے ایک دھماکے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج کشمیر میں کنٹرول لائن پر سپائک ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل نصب کررہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے حال ہی میں اسرائیل سے 210میزائل اور 12لانچرز حاصل کئے ہیں۔مقبوضہ کشمیر یونیورسٹی کے باہر دھماکے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز سرینگرکے دارالحکومت کے علاقہ حضرت بل میں کشمیر یونیورسٹی کے گیٹ کے باہردھماکہ ہوا۔ جموں وکشمیر  زخمیوں کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا،جموں وکشمیر پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

مقبوضہ کشمیر

مزید : صفحہ اول