چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں ہر ممکن  سہولتیں دینگے:عثمان بزدار

چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں ہر ممکن  سہولتیں دینگے:عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ چین کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے، پنجاب میں نجی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی قائم کردی گئی،چینی سرمایہ کار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنہ پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر اور اقوام متحدہ کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل شا ؤ ژوکینگ کی قیادت میں بزنس مینوں کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا،جس میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے فروغ،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سی پیک کے تحت منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیساتھ ساتھ سی پیک کے تحت تعاون کومزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہپاکستان میں چین کے تعاون سے سی پیک کے منصوبوں سے ترقی و خوشحالی کی ٹھوس بنیاد رکھی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں پاکستان اور چین کیساتھ تعلقات مزید وسیع اور مضبوط ہوئے ہیں اوردو طرفہ تعاون کومزید فروغ دینے کیلئے مستقبل میں تسلسل کے ساتھ رابطے رکھنا ضروری ہے۔چائنہ پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر اور اقوام متحدہ کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل شا ؤ ژوکینگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورنے دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک چین دوستی دنیا میں امن، محبت، تعاون اور والہانہ جذبوں کی روشن مثال ہے۔اس موقع پرمشیر ڈاکٹر سلمان شاہ نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن اور چین کے36رکنی بزنس وفد کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سے امریکہ کے سفیر پال جونز نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی نوعیت کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں،قائداعظمؒ کے پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان بانی پاکستان جناح ؒ کے وژن کے مطابق نیا پاکستان تعمیر کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تاریخی مقامات اور تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں۔ لاہور والڈ سٹی پراجیکٹ کو پورے پنجاب میں توسیع دی گئی ہے۔ امریکی سفیر پال جونزنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔امریکی سفیر نے کرتار پور راہداری کھولنے پر حکومت کو مبارکباد دی اور کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے کرتارپور راہداری کھول کر دنیا کو ایک مثبت پیغام دیا۔امریکی قونصل جنرل کیتھرین راڈریگیزاورپولیٹیکل و اکنامک چیف بیری جنکربھی اس موقع پر موجود تھے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے خیبر پختونخوا سے سینیٹ کا الیکشن جیتنے پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ذیشان خانزادہ کومبارکباد دی تے ہوئے کہا کہ ذیشان خانزادہ کی کامیابی وزیراعظم عمران خان کے نئے پاکستان کی جیت ہے۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کوایک اور شکست کے بعد منفی سیاست سے دستبردار ہوجاناچاہیے۔انہوں نے کہاکہ 22کروڑ عوام پاکستان کی تاریخ کی سب سے شفاف حکومت اور قیادت کے ساتھ ہیں۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -