مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے او آئی سی کو اپنا موقف تبدیل کرنا ہوگا:سردار مسعود خان

مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے او آئی سی کو اپنا موقف تبدیل کرنا ہوگا:سردار ...

  



جدہ(اکرم اسد) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے جس کیلئے بحیثیت صدر آزاد کشمیرسعودی حکومت اور عوام کا بے حد مشکور ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سردار مسعود خان نے کہا کہ میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل،او آئی سی کی کمیٹی برائے انسانی حقوق سے ملاقات کی اور کشمیر کی صورتحال بتائی، انہیں دعوت دی کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں کیونکہ بھارت تو انہیں کبھی اجازت نہیں دے گا وہ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے اور کشمیر کی اصل صورتحال کبھی عالمی اداروں کو دکھانا نہیں چاہتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں پہلا موقع ہے کہ کہیں سو سے زیادہ دنوں تک کرفیو نافذ ہے، ہم او آئی سی کے بہت شکر گزار ہیں کہ واحد فورم ہے جو ہمیشہ کشمیر کی آزادی اور پرامن تصفیہ کی حمایت کررہا ہے بھارت کی جانب سے 5 اگست کی کارروائی کے بعد کشمیر کے معاملات اور ان کے فوری حل کیلئے اپنا موقف اور سکرپٹ تبدیل کرنا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی تھی مگر ساتھ ہی مودی کی رضامندی کی شرط لگائی تھی۔اس کا مطلب ہے انہوں نے لال جھنڈی دکھا دی۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ اس وقت عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کے ادارے کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی بھر پور مذمت کررہے ہیں سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیری طلباء کی اعلی تعلیم کیلئے وظائف پر او آئی سی سے بات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کیلئے پر امن طور پر سرگرمی سے مصروف ہے۔ ہم حکومت پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ وہ پچھلے 70 سال سے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے کوشاں ہے۔

 سردار مسعود خان 

مزید : صفحہ آخر