سندھ پولیس نے افسران کے پریس کانفرنس کرنے پر پابندی عائد کر دی

    سندھ پولیس نے افسران کے پریس کانفرنس کرنے پر پابندی عائد کر دی

  



کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ پولیس نے اپنے افسران کے پریس کانفرنس کرنے پر پابندی لگادی ہے۔گزشتہ ہفتے سابق سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ضلع شرقی کراچی اظفر مہیسر کی پریس کانفرنس کے بعد مبینہ ٹارگٹ کلر یوسف ٹھیلے والا کا ویڈیو بیان سندھ پولیس کو مہنگا پڑگیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایس ایس پی اظفر مہیسر کو عہدے سے ہٹائے جانے اور صوبہ بدرکیے جانے کے بعد اہم فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ایس ایس پی سمیت سینئیر پولیس افسران کو پریس کانفرنس کرنے سے روک دیاگیا ہے۔آئندہ سے سندھ پولیس کی کسی بھی کارروائی کی تفصیل ایک اعلامیے کے ذریعے جاری کی جائے گی۔فیصلے کے مطابق کسی بھی کارروائی کا تفصیلی اعلامیہ منظوری کے لیے اعلیٰ پولیس حکام کو بھیجاجائیگا اور اعلیٰ حکام کی جانب سے منظوری کے بعد ہی اسے جاری کیا جائیگا۔ یہ انکشاف آج ہی ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل(اے وی ایل سی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے بعد ہوا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ایس ایس پی، اے وی ایل سی نے حالیہ کارروائی سے متعلق پریس کانفرنس کرنی تھی،تاہم اعلیٰ پولیس حکام نے مداخلت کرکے ایس ایس پی اے وی ایل سی کو اعلامیہ جاری کرنے کے احکامات دیے، اے وی ایل سی نے کارروائی میں 9 ملزمان گرفتار اور 11گاڑیاں برآمد کی تھیں۔

 پابندی 

مزید : صفحہ آخر