ڈالر 10پیسے،سونا 200روپے سستا،سٹاک ایکسچینج میں مندی،سرمایہ کاروں کو 70ارب کا نقصان

ڈالر 10پیسے،سونا 200روپے سستا،سٹاک ایکسچینج میں مندی،سرمایہ کاروں کو 70ارب کا ...

  



کراچی (این این آئی)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا۔سٹاک مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی اور منگل کو کے ایس ای100انڈیکس 417.23پوائنٹس کی کمی سے38ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 37795.05پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ 61.90فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے نتیجے میں سرمایہ کاورں کو 70ارب 9کروڑ50لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم کاروباری حجم پیرکی نسبت 102.33فیصدزائد رہا۔کے ایس ای100انڈیکس 417.23پوائنٹس کی کمی سے 37795.05پوائنٹس پر بندہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 256.29پوائنٹس کی کمی سے17391.67پوائنٹس،کے ایم آئی30انڈیکس 634.89پوائنٹس کی کمی سے 61220.80پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس257.16پوائنٹس کی کمی سے 26805.46پوائنٹس پربندہوا۔ گزشتہ روزمجموعی طورپر378کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے133کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ 234کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ11کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔مندی کے سبب سرمایہ کاری مالیت میں 70ارب 9کروڑ50لاکھ روپے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر72کھرب32ارب1 کروڑ70لاکھ روپے ہوگئی۔انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قدر میں 3پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 10پیسے کی کمی ہوئی۔جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید155.32 روپے اورقیمت فروخت155.42روپے ہوگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید155.20روپے اور قیمت فروخت155.50روپے ہوگئی۔صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت200روپے کی کمی سے58550وپے اوردس گرام سونے کی قیمت172روپے کی کمی سے 73345روپے ہوگئی۔

سونا، ڈالر 

مزید : صفحہ آخر