فارن فنڈنگ کیس،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے تفصیلات طلب

  فارن فنڈنگ کیس،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے تفصیلات طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آئی این پی،این این آئی)الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نے فارن فنڈنگ کیس میں مسلم لیگ ن کو سوالنامہ تھماتے ہوئے جمعہ تک جواب طلب کر لیا،الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن سے اندرون و بیرون ملک اکاونٹس اور فنڈنگ کی تفصیلات بھی مانگ لیں۔منگل کو ن لیگ کی مبینہ فارن فنڈنگ سے متعلق معاملے پر الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ن لیگ کے وکیل جہانگیر جدون اور ن لیگ کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار فرخ حبیب بھی وکیل کے ہمراہ پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی نے ن لیگ سے ڈونرز کی تفصیلات مانگ لیں،سکروٹنی کمیٹی نے ہدایت کی کہ کس ڈونر نے کہاں سے کتنی رقم بھیجی تفصیلات فراہم کریں،سکروٹنی کمیٹی نے مسلم لیگ (ن)سے جمعہ تک جواب طلب کیا کہ بیرون ملک اگر کوئی اکاونٹ ہے تو ن لیگ آگاہ کرے،ن لیگ کے اگر پاکستان میں غیر ظاہر شدہ اکا ونٹس ہیں تو بتائے،سکروٹنی کمیٹی نے ن لیگ یوکے سے متعلق بھی جواب مانگ لیا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نے فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی سے بھی بیرون ملک اکاونٹس اور فنڈنگ کی تفصیلات طلب کر لیں۔پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ سے متعلق کیس پر الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا،پیپلز پارٹی کی جانب سے وکیل شہباز کھوسہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار فرخ حبیب اور ان کے وکیل پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی کیس سے متعلق سوالنامہ دے دیا،سات نکاتی سوالنامے میں کہا گیا ہے کہ سالانہ گوشواروں کے علاوہ اگر کوئی پارٹی اکاؤنٹس ہیں تو اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے،سکروٹنی کمیٹی نے غیرملکی پارٹی اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کر لی،سوالنامے میں کہا گیا ہے کہ اگر بیرون ملک اکاؤنٹس ہیں تو 2013 اور 15 کے گوشواروں میں وہ تفصیلات ظاہر کی گئیں یا نہیں،2013 سے 2015 تک بیرون ملک سے موصول کی گئی رقوم کی تفصیلات پیش کی جائیں،امریکہ سے اگر کوئی رقوم آئی ہیں تو اس کی ایل ایل سی سمیت تمام تفصیلات پیش کی جائیں،ڈونرز اور فنڈز فراہم کرنے والے افراد کے شناختی کارڈ بھی فراہم کئے جائیں،سکروٹنی کمیٹی نے بیرون ملک سے فنڈنگ موصول ہونے سے متعلق 2 دن میں تفصیلات طلب کر لیں۔پاکستان تحریک انصاف نے فارن فنڈنگ کیس میں مزید دستاویزات الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کو فراہم کر دیں،جن میں ڈونرز کی تفصیلات، بینک سٹیٹمنٹ اور آڈٹ رپورٹس سمیت دیگر دستاویزات  شامل ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس بغیر سماعت کے ملتوی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وقت کی کمی کی وجہ سے عدالت نے تمام کیسسز لیفٹ اوور کردے گئے،رجسٹرار آفس کی جانب سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس میں نئی تاریخ بعد میں دی جائے گی۔
پارٹی فنڈنگ کیس