حضور نبی کریمؐ کی زندگی تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے:شوکت یوسفزئی

حضور نبی کریمؐ کی زندگی تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے:شوکت یوسفزئی

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حضور نبی کریمؐ کی زندگی تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے نبی کریمؐ  کے طرز زندگی اور تعلیمات پر عمل کریں تودنیا و آخرت میں کامیابی ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے تصور میں ان کی ٹانگ کھینچنے کی بجائے ان کو سپورٹ کرنا چاہیے ریاست مدینہ کی طرز پر ریاست بنانا مشکل نہیں بس اعتماد کی ضرورت ہے پاکستان جس نظریہ پر بنا تھا اس پر چل نہیں سکا ریاست مدینہ کے قیام کے بعد پاکستان دنیا کے لیے رول ماڈل ہوگا اللہ پاک نیتوں کو دیکھتا ہے وہ جس سے چاہے دین کا کام لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اصلاح اور کامیاب فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے علماء کرام کا کردار انتہائی اہم ہے لوگ علماء کرام کی تقلید کرتے ہیں جمعہ کے خطبات میں لوگوں اور معاشرے کی اصلاح کے لیے علماء کرام اپنا کردار ادا کرے۔ اداروں میں، بد عنوانی اور ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے خودساختہ مہنگائی آتی ہے اسلام ان چیزوں سے منع کرتا ہے صحابہ کرام دوسروں کو نفع پہنچانے کے لیے کاروبار کرتے تھے۔ وہ اوقاف ہال پشاور میں صوبائی سیرت النبی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس میں خیبرپختونخوا کے چیف خطیب مولانا محمد اسماعیل، سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور فرخ سیر، اقلیتی ممبر صوبائی اسمبلی ولسن وزیر، سابق چیف خطیب، دیگر جید علماء کرام، مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں اور لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اسلام امن کا درس دیتا ہے جس میں تمام اقلیتوں کے حقوق متعین ہے اور امن کی وجہ سے ہی ترقی ممکن ہے آج کل مسلمان مسلمان کو نقصان پہنچا رہا ہے مسلمان دوسرے مسلمان کو کافر اور یہودی ایجنٹ قرار دینے میں لگا ہوا ہے اسلام جھوٹ سے منع کرتا ہے معاشرے کو اصلاح کی ضرورت ہے اسلحے اور طاقت سے ملک نہیں بنتے دنیا کا کوئی بھی ملک مسلمانوں کو شکست نہیں دے سکتا کیونکہ مسلمانوں کے ساتھ کلمہ کی طاقت ہے بس صرف اس پر عمل اور یقین کی ضرورت ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پاکستانی بہت باصلاحیت ہیں پاکستان کے 14 سالہ بچے نے بین الاقوامی سطح پر آئی ٹی کے میدان میں نمایاں پوزیشن حاصل کی۔کامیابی حاصل کرنے کے لیے اللہ پر یقین رکھنا چاہیے ناروے میں جس طرح ایک نوجوان محافظ قرآن بنا وہ سپر ہیرو لگ رہا تھا وہ کوئی عالم نہیں تھا لیکن ایمان کے جذبے سے سرشار تھا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ طاقت کی وجہ سے نہیں بلکہ مسلمانوں کے کمزور ایمان کی وجہ سے ہے مسلمانوں کو اپنے گریبان میں جھانکنے کی ضرورت ہے کہ وہ اسلام پر کتنا عمل پیرا ہیں کامیابی کے لیے اسباب کی ضرورت نہیں بلکہ پختہ ایمان کی ضرورت ہوتی ہے الیکشن میں میرے پاس پیسے نہیں تھے لیکن پھر بھی دو دفعہ شانگلہ سے الیکشن جیتا پہلی دفعہ تقریباً 17500 ووٹ لیے اور ڈھائی ہزار ووٹوں سے جیتا لیکن عورتوں کے ووٹ کم ہونے کی وجہ سے دوبارہ الیکشن ہوا اور 41000 ہزار ووٹ حاصل کیے۔ صوبائی سیرت النبی کانفرنس کے بعد اوقاف ہال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے معطل کیے گئے آرمی چیف کے حوالے سے نوٹیفیکیشن پر وکلاء ہی بات کر سکتے ہیں کیونکہ وہ قانون سے اچھی طرح باخبر رہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان جس گرج سے اسلام آباد میں داخل ہوئے تھے تو لوگوں نے اس کی واپسی بھی دیکھ لی 15 لاکھ لوگوں کو اسلام آباد لانے کے دعووں کو بھی عوام نے دیکھ لیا مولانا اگر اپنے دھرنے میں کامیاب ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں تو پلان بی اور سی کیوں دیا۔ مولانا خود ہی نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہیں اور خود ہی واپس لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ملکر چھوڑا اور تب سے یہ کیس چل رہا تھا اس کیس میں وفاقی حکومت کچھ چیزیں ٹھیک کرنا چاہتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف جھوٹ بول کر باہر گئے قطری جہاز میں بیٹھ کر ان کے پلیٹلٹس بھی ایک دم پورے ہو ئے اور صحت مند بھی نظر آئے نواز شریف کے جھوٹ بولنے سے ان کے اپنے ورکر بھی پریشان ہیں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے پی ٹی آئی کا دامن صاف ہے اکبر ایس بابر کی رکنیت ہی پارٹی سے ختم ہے تو وہ یہ بات کیسے کر سکتے ہیں پی ٹی آئی میں رہ کر جو پی ٹی آئی سے غداری کرتا ہے تو اس کے ساتھ جو ہوتا ہے عوام کو اس کا پتہ ہے

مزید : صفحہ اول /ملتان صفحہ آخر