ڈینگی کے کیسز کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے،خرم شیر زمان
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر و رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہاہے کہ سندھ میں بڑھتے ہوئے ڈینگی کے کیسز کی ذمہ داری پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی ہے۔ پیپلز پارٹی کی نا اہل صوبائی حکومت کی وجہ سے صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے سندھ کے عوام ڈینگی جیسے جان لیوا مرض کا شکار ہورہے ہیں۔میڈیا سیل کراچی سے جاری کردہ اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 14662افراد متاثر ہوئے جبکہ باقی سندھ میں بھی ڈینگی کے ہزاروں کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔حکومت سندھ اوربلدیاتی نمائندے بتائیں کہ سندھ بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے اب تک کیا اقدامات کئے گئے ہیں اور اب تک علاقوں میں انسداد ڈینگی کے لئے اسپرے مہم کیوں شروع نہیں کی گئی۔ کمشنر کراچی نے گزشتہ سال ستمبر میں انسداد ڈینگی اسپرے مہم کا حکم دیا تھا جو کہ فروری میں شروع ہونا تھی لیکن نا اہل حکومت سندھ کی جانب سے ادویات کی عدم فراہمی کی وجہ سے مہم کا آغاز نہیں ہو سکا۔