پاک بحریہ کا بُھٹہ ولیج کیماڑی میں مفت آئی کیمپ کا انعقاد

  پاک بحریہ کا بُھٹہ ولیج کیماڑی میں مفت آئی کیمپ کا انعقاد

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی جانب سے بنیادی سہولیات سے محروم علاقوں کے عوام کو بلا امتیاز بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت عامہ سے متعلق آگاہی کے لئے کیماڑی کے علاقے بُھٹہ ولیج اور ماڑی پور کے علاقے مبارک ولیج میں مفت آئی اور میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ مفت میڈیکل کیمپ ساحل اور الفت ویلفیئر فاؤنڈیشنز کے تعاون سے جبکہ آئی کیمپ آئی سائٹ ٹرسٹ کی معاونت سے قائم کیا گیا۔دونوں میڈیکل کیمپس میں تجربہ کار ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیموں نے اپنی خدمات پیش کیں۔ ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف نے بھٹہ ویلیج،مبارک ولیج او ر ان کے ملحقہ علاقوں سے آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کیں۔ میڈیکل کیمپ میں مریضوں کو طبی معائنے اور بنیادی جراحی کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو حفظان صحت، بچوں کی نگہداشت، غذائی کمی اور اس کے باعث پیدا ہونے والی بیماریوں،امراض چشم اور رہائشی علاقوں کی صفائی سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔میڈیکل کیمپ میں مردوں، عورتوں اور بچوں سمیت 600سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔

مزید : صفحہ آخر /ملتان صفحہ آخر