پرویز مشرف کی تازہ تصویر لیکن یہ کہاں لی گئی اور کمزوری کی وجہ کیا بنی؟ تفصیلات منظرعام پر
دبئی (ویب ڈیسک) دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر کے حوالے سے مشرف کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف تازہ ہوا لینے دبئی کے ایک گالف کورس گئے تھے جہاں ان کے مداحوں نے ان کی تصویر کھنچی۔ تصویر میں پاکستان پر نو سال تک حکومت کرنے والے حکمران بہت کمزور لگ رہے ہیں۔
روزنامہ جنگ کے مطابق مشرف کے قریبی حلقوں کا مزید کہنا تھا کہ پرویز مشرف کی صحت گزشتہ دو سالوں میں بہت گر چکی ہے، اسی لئے ان کا ہر ہفتے دبئی کے ایک بڑے ہسپتال میں چیک اپ کرایا جاتا ہے۔ مشرف اپنی سیاسی پارٹی آل پاکستان مسلم لیگ کے مقامی رہنماﺅں سے بہت کم ہی ملاقات کرتے ہیں۔ حال ہی میں پرویز مشرف سے ملاقات کرنے والے چند افراد نے بتایا کہ ان کو اب شدید رعشہ کا مرض بھی لاحق ہوچکا ہے، البتہ وہ اب بھی پاکستان جانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں اور ملک کے موجودہ وزیراعظم عمران خان سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں۔