حفیظ شیخ،علی امین گنڈا پور اور شوکت یوسف زئی کے بعد زرتاج گل کی بھی ’’ٹماٹر کلب‘‘ میں انٹری

حفیظ شیخ،علی امین گنڈا پور اور شوکت یوسف زئی کے بعد زرتاج گل کی بھی ’’ٹماٹر ...
حفیظ شیخ،علی امین گنڈا پور اور شوکت یوسف زئی کے بعد زرتاج گل کی بھی ’’ٹماٹر کلب‘‘ میں انٹری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(آئی این پی)مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اور صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی کے بعد وزیر مملکت زرتاج گل کی بھی’’ ٹماٹر کلب‘‘ میں انٹری ہوگئی۔

گذشتہ ماہ سے ملک میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں جب کہ دیگر سبزیاں بھی مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں لیکن حکومتی وزرا اور مشیر اس کا حل نکالنے کے بجائےعوام کونت نئےمشورے دے رہےہیں۔رواں ماہ مشیرخزانہ نے ٹماٹر کی مہنگےداموں فروخت کےسوال پرانکشاف کیاکہ کراچی میں ٹماٹر17روپےکلو فروخت ہورہے ہیں۔وفاقی وزیر برائے امورکشمیر علی امین گنڈا پور نے تو مہنگائی کے حوالے سے انوکھی منطق پیش کی۔اُن کاکہناتھا کہ اگرملک میں مہنگائی ہےتواُس کا فائدہ بھی تو اپنے ہی لوگوں کو ہو رہا ہے اوروہ بھی ہمارے ہی بھائی ہیں،ٹماٹر اگانے والے بھی ہمارے ہی کسان ہیں۔مہنگے ٹماٹروں کے حوالے سے صوبائی وزیر خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ عوام ٹماٹر کی جگہ دہی استعمال کریں، ٹماٹرکی قیمتیں خود بخود نیچے آجائیں گی۔

عوام وزراء کے ان بیانات سے پریشان ہی تھے کہ اب وزیرمملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے بھی مہنگائی کے حوالے سے ایک مشورہ دے ڈالا ہے۔ مظفر گڑھ میں تقریب کے بعد مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال پر زرتاج گل نے جنوبی پنجاب کے عوام کو مشورہ دیا کہ یہاں بہت زمین ہے ،اس لیے سب کو چاہیے کہ اپنی سبزیاں خود اگائیں۔واضح رہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے ملک میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان پر پہنچی ہوئی ہیں اور ٹماٹر کی افغانستان اور ایران سے درآمد کے باوجود قیمتیں معمول پر نہ آسکی ہیں جب کہ دیگر سبزیاں بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہوتی جارہی ہیں۔