’مریم صفدر اور کیپٹن صفدر کو باقی کام چھوڑ کر یہ کام شروع کردینا چاہئے ‘فواد چوہدری نے ایسا مشورہ دے دیا کہ ن لیگی قیادت بھی تلملا اٹھے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فوادنے کہا ہے کہ ن لیگ نے عدلیہ اور فو ج کو دباؤ میں لانے کے لئے منصوبہ بندی کے تحت مہم چلائی،اس مہم کابنیادی مقصد صرف یہی تھاکہ کسی طرح نواز شریف کی مقدمات سےجان چھوٹ جائےاورسزائیں معاف ہوجائیں،مریم نواز نےکیلبری فاؤنٹ کےبعد وطیرہ ہی بنالیا ہے،وہ جعلی ویڈیوزاو رکبھی آڈیوز تخلیق کرتی ہیں اور انہیں اداروں پردباؤ کےلئےاستعمال کیا جاتا ہے،مریم صفدراو رکیپٹن(ر)صفدر کو باقی کام چھوڑ کر ویڈیوز کا کام ہی شروع کر دیناچاہیے ، ان کے اوپر بد عنوانی کے جرائم تو ہے ہی ہیں،ان کے اوپر شہادتوں کے ساتھ ٹمپرنگ کر کے کھلواڑ کرنے کا کیس بھی بننا چاہیے اورانہیں اس کی علیحدہ سے سزا ہونی چاہیے لہذا ن لیگ کی مہم کا عدلیہ کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ فوج اور عدلیہ کے خلاف پوری مہم چلائی گئی جس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ ان اداروں کو دباؤ میں لایا جائے ، اس کے لئے صحافی بھی استعمال ہوئے ،کئی اینکر زکو استعمال کیاگیا جو پرائیویٹ ٹوئٹس کرتے ہیں ان کو بھی استعمال کیا گیا،واحد مقصد یہ ہے کہ فوج اور عدلیہ کو دباؤ میں لایا جائے اورنواز شریف کی مقدمات سے کسی طرح جان چھوٹ جائےحالانکہ آپ کی پراپرٹیز کاجو سکینڈل سامنے آیاہےوہ عالمی سطح پرسامنے آیا ہے،آپ کو چاہیے کہ آپ پاکستان کے لوگوں کے سامنے آئیں اور اس کا ایک ہی جواب ہے کہ آپ نے اس کی رسید دینی ہے کہ آپ نے یہ پراپرٹیز کیسے خریدیں؟آپ جواب نہیں دے رہے آئیں بائیں شاہیں کرتے ہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں ہونا،جعلی ویڈیوز اور آڈیو بنانا ن لیگ کا وطیرہ بن چکا ہے، جب بھی مریم نواز اور نواز شریف کے اوپر مقدمات اپنے آخری مراحل پر پہنچتے ہیں تو وہ اسی طرح انہیں سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں،اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جب آپ 25 ،30 سال حکمران رہ جاتے ہیں تو ہر شعبے میں اپنے پروردہ لوگوں کو وہاں پر لگا دیا جاتا ہے اوررانا شمیم بھی اسی طرح کا ایک کردار ہیں ،رانا شمیم ن لیگ کے عہدے دار تھے اوران کو اٹھا کر گلگت بلستان کا چیف جسٹس بنادیا گیا اور پھر ان سے مرضی کا حلف نامہ لیا گیا ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل حل ہو رہے ہیں، شکر ہے کہ پٹرول کی عالمی سطح پر قیمت نیچے آئی ہے اور اس کے ثرات منتقل ہونے میں دو ماہ کا عرصہ لگتا ہے ، امید ہے کہ ایسا ٹرینڈ جاری رہا تو اس کا مثبت اثر ہوگا،ہم سعودی عرب کے شکر گزار ہیں کہ اس نےپاکستان کی مدد کی اور تین ارب ڈالر دئیے،عالمی مالیاتی اداررے (آئی ایم ایف) کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے اور اس کے اوپر کام شروع ہو چکا،ان اقدامات کے نتیجے میں پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا،اس ہفتے کھانے پینے کی بنیادی اشیاءکی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، رواں ہفتے مجموعی مہنگائی کی شرح میں0.67فیصد کمی آئی ،اس کے ساتھ ساتھ جومجموعی طو رپر معاشی زیادہ مسائل ہیں اب وہ بھی حل ہو رہے ہیں ، انشااللہ مزید بہتری آئے گی ۔
انہوں نے کہاکہ اس ملک میں ایک ہی سیاسی جماعت ہے جس کے بارے میں سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ وہ دھاندلی سے انتخابات جیتی او روہ ن لیگ ہے،1990ءکے انتخابات میں پیپلز پارٹی کا الیکشن چرایا گیا،بینظیر بھٹو کے مینڈیٹ کو جس طرح چرایا گیا اس کی سپریم کورٹ نے تصدیق کر دی تھی ،ہم تو اس حوالے سے متحرک ہیں لیکن جنہوں نے سب کچھ کیا پیپلز پارٹی ان کے ساتھ ہاتھ ملا چکی ہے،اگر ملک میں دھاندلی کرنے والی کوئی جماعت ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے اوریہ سپریم کورٹ سے ثابت ہو چکا ہے ۔