جماعت اسلامی کے ڈی چوک میں دھرنے اور یوتھ مارچ کی تیاریاں مکمل ،  انتظامیہ نے بھی سر جوڑ لئے

جماعت اسلامی کے ڈی چوک میں دھرنے اور یوتھ مارچ کی تیاریاں مکمل ،  انتظامیہ نے ...
جماعت اسلامی کے ڈی چوک میں دھرنے اور یوتھ مارچ کی تیاریاں مکمل ،  انتظامیہ نے بھی سر جوڑ لئے

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا یوتھ مارچ اتوار کو اسلام آباد میں ہو گا جس سے  سراج الحق کلیدی خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، اسلام آباد ڈی چوک کے احتجاجی دھرنے اور یوتھ مارچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،دوسری طرف وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں  نے بھی جماعت اسلامی کے دھرنے اور احتجاجی مارچ کے پیش نظر حفاظتی انتظامات اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق قیصر شریف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امیر جماعت اسلامی آج(ہفتے کی)رات کو قطر سے پاکستان پہنچیں گے اور اتوار کی شام لانگ مارچ کے شرکا سے نائب امرا لیاقت بلوچ، میاں اسلم، جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل اور دیگر قائدین کے ہمراہ اظہار یکجہتی کریں گے، لانگ مارچ کا انعقاد جے آئی یوتھ پاکستان نے کیا ہے۔

 قیصر شریف نے کہا کہ ملک بھر سے بے روزگار نوجوان یوتھ مارچ میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، نوجوانوں کا مارچ ایمبیسی روڈ سے شروع ہو کر ڈی چوک تک جائے گا، شرکاءمارچ وزیراعظم کو ان کا ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ یاد دلائیں گے اور حکومت سے روزگار طلب کیا جائے گا، یوتھ مارچ مستقبل میں نوجوانوں کی اپنے حقوق کے لیے تحریک کا سنگ میل ثابت ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کا مارچ پرامن اور پروقار ہو گا، حکومت اس کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش نہ کرے، حکمران طلبہ یونین بحال کریں اور نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے،پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی یوتھ مایوس اور بددل ہو چکی ہے، جماعت اسلامی نوجوانوں کے دلوں میں امید کی شمعیں روشن کرے گی اور ملک کے عوام کا مقدمہ ہر فورم پر بھرپور طریقہ سے لڑا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -