’ہماری حکومت میں کرپشن نہیں ہو رہی‘ اسد عمر کا دعویٰ
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ دیانتدار وزیراعظم کی بدولت پاکستا ن ترقی کر رہا ہے، ترقیاتی منصوبوں پر کام اس لیے ممکن ہوا کیونکہ ہماری حکومت میں کرپشن نہیں ہو رہی۔
پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کی کرپشن کی وجہ سےآج پاکستان بہت پیچھےرہ گیا،عمران خان جھکانہیں اورنہ ہی ڈرا ہے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،اپوزیشن کے پاس کوئی وژن نہیں، دو خاندانوں نے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچایا ہے، یہ جتنی مرضی سازش کرلیں، ان کو این آر او نہیں دیں گے،دنیابھرمیں پاکستا ن کے سبز پاسپورٹ کو عزت مل رہی ہے، آئندہ سال مہنگائی پر قابو پا لیں گے، ہماری کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک ترقی کر رہا ہے
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین راجہ خرم نواز نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کے مسئلے پر بھی کام جاری ہے اور بہت جلد پانی کامسئلہ بھی حل ہو جائے گا،اسلام آباد میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 100 نئے ٹیوب ویل لگ رہے ہیں جبکہ اسلام آباد کے لیے 100 ایم جی ڈی پانی کا منصوبہ چھ ماہ میں شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا بڑا کارنامہ ہے ، آج ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں ایک ہی نصاب پڑھایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت اپنے تمام وعدے پورے کر رہی ہے۔