امریکانے پاکستان کا خزانہ، پاکستان کو واپس کر دیا
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکہ نے پاکستان کو 3.4 ملین ڈالر مالیت کے لوٹے گئے تقریباً 200 نوادرات واپس لوٹا دیئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے "سی این این "کے مطابق مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے لوٹے گئے 192 نوادرات پاکستان کو واپس کیے ہیں ،ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون ایل بریگ نے ایک پریس ریلیز میں نوادرات کی واپسی کا اعلان کیا، رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نوادارات کوچوری کرنے میں بھارتی نژاد ڈیلر"سبھاش کپور "کا ہاتھ ہے ، پولیس تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بھارتی شہری اپنی "ہٹن گیلری " کے ذریعے دنیا بھر سے کروڑوں ڈالر کے نوادرات کی سمگلنگ میں ملزم پایا گیا ہے ۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس ماہ کے شروع میں، سبھاش کپور کو ایک بھارتی عدالت نے سمگلنگ کے جرم میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی ، اس پر امریکہ میں سات ساتھیوں پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے، جہاں تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ اس نے ایشیا بھر میں مندروں، کھنڈرات اور آثار قدیمہ کے مقامات سے چوری ہونے والے ہزاروں نوادرات کو منتقل کرنے میں مدد کی،مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے نوادرات کی اینٹی سمگلنگ یونٹ نے بھارتی شہری سے متعلق اپنی تحقیقات میں 2ہزار 500سے زائد نوادرات کو قبضے میں لیا ، جن کی مالیت تقریباً 143 ملین ڈالر ہے۔
ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے جمعرات کو نیویارک میں پاکستان قونصلیٹ میں وطن واپسی کی تقریب کے دوران نوادرات واپس کر دیے، ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز کے انچارج نے بتایا کہ "ان فن پاروں کو ان کی بے پناہ ثقافتی اور روحانی قدر کی پرواہ کیے بغیر اسمگل کیا گیا۔"
پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی کے مطابق ان 192نوادرات سے قبل بھی ہم 45پاکستان نوادرات کو پاکستانی ملکیت کے طور پر وطن واپس بھجوا چکے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ ہم نے پاکستانی نوادرات کی واپسی کیلئے کوششیں 2020 میں شروع کی تھیں اور آج ہم بہت خوش ہیں کہ ہماری کوششیں رنگ لائیں ، جمعرات کو واپس آنے والی اشیاء میں "مہرگڑھ گڑیا" شامل ہے جسے دنیا کے قدیم ترین انسانوں کے تیار کردہ مجسمے کے طور پا جانا جاتا ہے ، قدیم مجسموں کو پاکستان کے ایک نیو لیتھک آثار قدیمہ سے لوٹ لیا گیا تھا۔