"یہ دہشتگرد ہیں "وزیر اطلاعات عطا تارڑ نےمظاہرین کے پاس موجود جدید اسلحے کی فوٹیج دکھا دی

Nov 27, 2024 | 12:23 AM

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )"یہ دہشتگرد ہیں "وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ  نےمظاہرین کے پاس موجود جدید اسلحے کی فوٹیج دکھا دی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے اپنے ویڈیو بیان میں  کہا ہے کہ یہ دہشت گرد ہیں، ان سے کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔اسلام آباد کے ہر جرائم پیشہ نے ان کے جلوس میں پناہ لی ہوئی ہے، نقاب پوش آنسوگیس کی شیلنگ اور جدید اسلحہ استعمال کررہے ہیں ۔خیبر پختونخوا کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، انسانی حقوق کے علمبرداروں کو نظر نہیں آتا 4 اہلکار شہید ہوئے۔

عطاء تارڑ نے اپنے ویڈیو بیان میں اسلام آباد میں موجود مظاہرین کے پاس موجود جدید اسلحے کی فوٹیج بھی چلائی اور کہا کہ مظاہرین میں ایسے لوگ ہیں جو جدید اسلحہ سے لیس ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان مظاہرین کے پاس یہ جدید اسلحہ کہاں سے آتا ہے؟ کیا پرامن مظاہرے میں ایسی چیزیں لائی جاتی ہیں؟ مظاہرے میں شامل نقاب پوش آنسوگیس کے شیل چلارہے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج سے شرپسندوں کی تفصیلات حاصل کرلی ہے۔ پوچھتا ہوں کیا یہ اسلحہ خیبر پختونخوا حکومت نے ان مظاہرین کو نہیں دیا؟ یہ دہشت گرد ہیں، ان سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔

"جنگ " کے مطابق عطاء تارڑ نے یہ بھی کہا کہ  اب مظاہرین ڈی چوک کے کہیں آس پاس نظر نہیں آرہے، انہیں پسپا کردیا گیا ہے، کسی کو ریڈ زون نہیں آنے دیا جائے گا ان کومزید پیچھے دھکیل دیں گے۔ مذاکرات زیرو پر آگئے ہیں، پی ٹی آئی کے کسی رہنما یا ترجمان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، نہ یہ پرامن ہیں نہ ان کا مقصد ملک کی خاطر ہے، ان کا مقصد ان کا جیل میں لیڈر ہے۔

مزیدخبریں