’اے آر رحمان میرے والد کی طرح ہیں‘ تعلقات کی خبروں پر موہنی ڈے پھٹ پڑیں

Nov 27, 2024 | 11:51 AM

ممبئی (ویب ڈیسک) آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ کی طلاق کی خبروں کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ان کے بینڈ کی گٹارسٹ موہنی ڈے نے بھی اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ دونوں فنکاروں کا آپس میں تعلق ہے اس لیے انہوں نے یکے بعد دیگرے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔

وی نیوز کے مطابق حال ہی میں موہنی ڈے نے اے آر رحمان کے ساتھ تعلقات کی خبروں پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں بہت سی شخصیات ایسی ہیں جو ان کے لیے رول ماڈل ہیں اور وہ شکر گزار ہیں کہ ان شخصیات نے ان کی پرورش میں اہم کردارادا کیا۔

موہنی ڈے کا کہنا تھا اے آر رحمان بھی ان شخصیات میں سے ایک ہیں جو ان کے لیے رول ماڈل ہیں اور وہ ان کے لیے والد کا درجہ رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اے آر رحمان ان کے والد سے عمر میں تھوڑے ہی چھوٹے ہیں اور ہم ایک دوسرے کی عزت ہے۔

موہنی ڈے نے کہا کہ انہوں نے اے آر رحمان کے بینڈ کے ساتھ قریباً 8 سال کام کیا، 5 سال قبل ہی میں امریکا آئی اوراب یہاں کام کررہی ہوں، ان کا کہنا تھا کہ برائے مہربانی ان کی پرائیویسی کا خیال رکھیں یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے اوراس میں دخل اندازی نہ کریں۔

گٹارسٹ نے کہا کہ ان کے اور اے آر رحمان کے خلاف غلط معلومات کو دیکھنا ناقابل یقین ہے، میڈیا نے اے آر رحمان کی طلاق کے واقعات ساتھ انہیں جوڑ کر مجرم بنادیا ہے حالانکہ وہ اے آر رحمان کے بچوں کی طرح ہیں۔

واضح رہے کہ عالمی شہرت یافتہ مقبول انڈین موسیقار اے آر رحمان اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کے درمیان شادی کے 29 سال بعد طلاق ہو گئی جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کیا تھا، اے آر رحمان کی سابق اہلیہ سائرہ بانو کی وکیل وندنا نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ اے آر رحمان اور سائرہ بانو کی طلاق کا موہنی ڈے کی طلاق سے کوئی تعلق نہیں انہوں نے یہ فیصلہ خود ذاتی وجوہات کی بنا پر کیا ہے۔

آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی سابق اہلیہ سائرہ بانو نے شوہر سے علیحدگی کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ اے آر رحمان کے بارے میں کچھ بھی غلط بات نہ کہیں، وہ ایک انمول شخص اور دنیا کے سب سے بہترین انسان ہیں۔ سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ مجھے صحت کے مسائل کی وجہ سے چنئی چھوڑنا پڑا، میں ممبئی میں اپنا علاج کرانے آئی ہوں اور یہ اے آر رحمان کے مصروف شیڈول کے ساتھ چنئی میں ممکن نہیں تھا، میں کسی کو پریشان نہیں کرنا چاہتی تھی، نہ اپنے بچوں کو اور نہ ہی انہیں۔۔

سائرہ بانو نے اے آر رحمان کی مزید تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار انسان ہیں۔ میں صرف یہی درخواست کرتی ہوں کہ انہیں ویسے ہی رہنے دیں جیسے وہ ہیں، میں ان پر اپنی جان سے زیادہ بھروسہ اور پیار کرتی ہوں اور وہ بھی مجھ سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں۔ اس لیے آپ سب سے گزارش ہے کہ ان کے خلاف تمام جھوٹے الزامات بند کریں، ہمیں اکیلا چھوڑ دیں اور سکون میں رہنے دیں۔ ابھی ہم نے کچھ بھی باضابطہ طور پر اعلان نہیں کیا۔

سائرہ بانو کا مزید کہنا تھا کہ میں جلد ہی چنئی واپس آؤں گی، لیکن پہلے مجھے اپنا علاج مکمل کرنا ہے، آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ ان کا نام خراب کرنا بند کریں، وہ ایک انمول شخصیت ہیں۔اپنے بیان میں سائرہ بانو نے اپنی بیماری سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

واضح رہے کہ بھارت کے معروف موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد رواں ماہ 19 نومبر کو شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی، جوڑے کے 3 بچے ہیں جن میں 2 بیٹیاں خدیجہ اور رحیمہ جبکہ ایک بیٹا امین شامل ہیں۔

مزیدخبریں