حکومت کامظاہرین پر حملہ آئین اور جمہوریت پر حملہ ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان

Nov 27, 2024 | 08:27 PM

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کا مظاہرین پر حملہ اور طاقت کا اندھا دھند استعمال آئین اور جمہوری اقدار پر حملہ ہے۔

’ ایکس ‘ پر اظہار خیال کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیاسی کارکنان قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں، چاپلوس حکومت اپنی بقاء کے لیے ملک میں جمہوریت کی قبر کھود کر آمرانہ روش کو مضبوط کر رہی ہے، یہ درحقیقت ریاست کو کمزور کر رہی ہے۔ظلم کرنے والے بھول رہے ہیں کہ کل انہیں بھی اس کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کے آئین اور جمہوری اقدار کے مطابق پرامن احتجاج ہر سیاسی پارٹی اور شہری کا حق ہے، حکومت کو کسی صورت یہ اختیار حاصل نہیں کہ مظاہرین پر چڑھ دوڑے۔ کراچی میئر سے لے کر عام انتخابات تک فارم 47 کی پیداوار نمائندوں کو مسلط کیا گیا اور عوام کے جمہوری حقوق پر ڈاکا ماراگیا۔

مزیدخبریں