کچھ لوگ سستی شہرت کیلئے مجھے بدنام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں‘عینی
لاہور(شوبز ڈیسک) گلوکارہ عینی نے کہا ہے کہ کسی کے ساتھ کوئی فراڈ نہیں کیا کچھ لوگ سستی شہرت کیلئے مجھے بدنام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں‘ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو قانونی جنگ لڑوں گی۔ عینی نے کہا کہ میں نے آج تک کسی کے ساتھ سرمایہ کاری یا فراڈ نہیں کیا اور جو لوگ مجھے بدنام کرنے کیلئے جھوٹے پراپیگنڈے کر رہے ہیں وہ باز آ جائیں اور اگر ایسا نہ ہوا تو میں ان کے خلاف مجبورا عدالت میں جاﺅں گی اور قانونی جنگ لڑوں گی۔ یاد رہے کہ گلوکارہ عینی کیخلاف وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کوہسار میں ملک نوریز اعوان کی مدعیت میں خیانت کا مقدمہ درج کردیا گیا‘ پولیس نے تحقیقات شروع کردی۔ جمعہ کو گلوکارہ عینی کیخلاف اس کے سابق شوہر ملک نوریز خان اعوان کی مدعیت میں پولیس نے تھانہ کوہسار میں خیانت کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔ ملک نوریز اعوان کے مطابق انہوں نے گلوکارہ عینی کیساتھ ایک کروڑ سے زائد کی سرمایہ ماری کی تھی جس کا منافع عینی نے ابھی تک نہیں دیا جس کی تحریری دستاویزات انہوں نے پولیس کو فراہم کی جس پر پولیس نے ملک نوریز اعوان کی مدعیت میں گلوکارہ عینی کیخلاف خیانت کا مقدمہ درج کرلیا۔
واضح رہے کہ گلوکارہ عینی کی کچھ عرصہ قبل ملک نوریز اعوان سے شادی کے بعد علیحدگی ہوگئی تھی۔