کابیناؤں میں توسیع؟

کابیناؤں میں توسیع؟

  

وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں اور کابینہ میں توسیع کی خبریں تواتر سے چھپ رہی ہیں اور اب یہ خبر ہے کہ وزیراعظم نے وفاقی وزراء سے کارکردگی رپورٹ طلب کی اور پوچھا ہے کہ عوام کے لئے کیا کِیا گیا؟وفاقی اور پنجاب کابینہ کے حوالے سے یہ اعتراض عرصہ سے کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے بچت سکیم کی آڑ میں بہت سی وزارتیں خود اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں اور یا پھر ایک وزیر کے پاس ایک سے زیادہ وزارتیں ہیں۔ اعتراضات اور تنقید کے باوجود اس طرف توجہ نہیں دی جا رہی تھی۔ اب سیاسی بحران نے یہ بھی کر دیا کہ وفاقی اور پنجاب دونوں جگہوں پر وزارتوں میں ردوبدل اور توسیع ہونے جا رہی ہے، لیکن اس میں بھی تاخیر روا رکھی گئی ہے کہ تاحال بات خبروں تک محدود ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف حکمران جماعت کے سربراہ بھی ہیں اور ان کو اِسی حیثیت سے اپنی جماعت سے لوگوں کو لینا ہے، وہ پہلے ہی سے سب کو جانتے ہیں۔ یہی صورت حال پنجاب میں بھی ہے، پھر تاخیر ہونا تو نہیں چاہئے۔بہرحال اب اطلاع ہے کہ چند روز میں وزارتیں تبدیل بھی ہوں گی اور نئے وزرا بھی حلف اٹھائیں گی۔ ایسا ہوا تو کام بھی تقسیم ہو گا اور کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے۔ بروقت اور صحیح فیصلہ کریں۔

مزید :

اداریہ -