عمران خا ن کا اسلام آباد میں لشکر کشی کا اعلان ڈھونگ ہے،رانا بابر
لاہور(پ ر) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ عمران خان کا 30نو مبرکو اسلام آباد میں لشکر کشی کا اعلان ڈھونگ ہے عمران خان شکست کھا چکے اور اب ان کے لئے یہ ہی بہتر ہے کہ وہ اپنی شکست تسلیم کرلیں عمران خان نئی نسل کو بگاڑ رہے ہیں اور ان کا یہ کہنا کہ لوگ مجھے چھوڑ جائیں اور پیسے ختم ہو گئے تو میں اکیلا ہی خیمے میں بیٹھ جاؤں گا یہ کونسی سیاست ہے؟ یہ تو پاگل پن ہے مثبت اور تعمیری سیاست کرنے کی بجائے عمران خان بچوں کو بگاڑ رہے ہیں ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کومسلم لیگ (ن) کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی اگراپنی کارکردگی پر اس قدر بھروسہ ہے توانہیں2018ء کا انتظار کرنا چاہیے۔
اور عام انتخابات میں جمہوری انداز میں مقابلے پر آنا چاہیے۔ عوام جس کے حق میں فیصلہ دیں گے وہ سب کے سامنے آ جائے گا انہوں نے کہا گھٹیا گفتگو کرکے موجودہ حکومت کی کارکردگی کو کم نہیں کیا جا سکتا وزیراعظم محمد نوازشریف اور ان کی پارٹی کو عوام نے 5سال کا مینڈیٹ دیا ہے جس کا تمام سیاسی جماعتوں کو احترام کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ چوہدری برادران کا دوراقتدار اگر کسی قابل ہوتا تو عوام عام انتخابات میں ان کا یہ حشر نہ کرتے انہیں اپنے ساتھ ہونے والے عوامی سلوک کو یاد رکھنا چاہیے اور ادھرادھر کی باتیں کر کے عوام کو گمراہ کرنے سے باز رہنا چاہیے موجودہ حکومت کی شاندار کارکردگی سب پر واضح ہے لیکن مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی اپنانے والے آئے دن پرانے راگ دوبارہ الاپنا شروع ہو جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ پرویز الہی سن لیں مناظرے مسالک میں ہوتے ہیں سیاست میں نہیں
اور پرویزالٰہی کو اپنے دوراقتدار کی یاد ستاتی ہے جس کی واپسی کا اب دوردور تک کوئی امکان نہیں۔