21 نومبر سے دوبارہ تحریک پاکستان کا آغاز ہوگا،لیاقت بلوچ

21 نومبر سے دوبارہ تحریک پاکستان کا آغاز ہوگا،لیاقت بلوچ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ 21 تا23نومبر مینار پاکستان سے دوبارہ تحریک پاکستان کا آغاز ہوگا۔جماعت اسلامی کے نومبر میں ہونے والے اجتماع عام میں لاکھوں مردو خواتین شریک ہوں گے۔ جماعت کے تمام شعبہ جات کو اجتماع عام کے شرکاءکی خدمت کی لیے ابھی سے کمر بستہ ہو جانا چاہیے ۔یہ باتیں انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکزی شعبہ جات کے ناظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ اجتماع عام جماعت اسلامی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے ۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے ملک بھر میں ہونے والے حالیہ دوروں کے باعث جماعت کے اجتماع عام میں ریکارڈ حاضر ی ہو گی جس کے لیے انتظامات بھی اس طرح بہترین ہونے چاہئیں۔ اجلاس میں شعبہ جات کی سابقہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ اہداف طے کیے گئے ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے اپنی رہائش گاہ پر کارکنان کی ناشتہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کوئی نیا پاکستان اور کوئی انقلاب حقیقت میں قوم کو منزل نہیں دے رہا۔ ملک و قوم کی خوشحالی صرف اسلامی پاکستان میں ہے ۔ آج ملک میں سیاسی انتشار ہے ۔سیاسی رہنما ایک دوسرے کی پگڑیاں اچھال رہے ہیں جس سے سیاست میں تلخیاں بڑھ رہی ہیں ۔ شخصی حملے بند ہونے چاہئیںکیونکہ اس سے سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں شدت اور ایک دوسرے کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے ۔ قومی سلامتی کا تقاضا ہے کہ تمام دینی ، سیاسی قیادتیں نیشنل چارٹرکی بنیاد پر اکٹھی ہو جائیں ۔
لیاقت بلوچ

مزید :

صفحہ آخر -